سورج کی روشنی موٹاپا بھگانے کا آسان اور سستا علاج ثابت ہو سکتی ہے،نئی تحقیق

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء )انسانی صحت پر سورج کی روشنی کے ممکنہ فوائد کے حوالے سے ایک تحقیق سے وابستہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی موٹاپا بھگانے کا ایک آسان اور سستا علاج ثابت ہو سکتی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس نئے مطالعے کی روشنی میں محققین کو پتا چلا ہے کہ سورج کی کرنیں موٹاپا اور ذیابیطس 2 کی علامات کو سست کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں کی ٹیم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان کے تجربے کے دوران موٹے چوہوں کو سورج کی بالائے بنفشی شعاعوں ، الٹرا وائلٹ ریز میں رکھنے سے ان کی بھوک کم ہو گئی جس سے ان کے وزن میں اضافے کی رفتار بھی سست پڑ گئی۔ اس تجربے سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ اس دوران موٹے چوہوں میں ذیا بیطس کے خطرے کی علامات ، مثلاً خون میں گلوکوز کی غیر معمولی سطح اور انسولین سے مزاحمت کم نظر آئی ہے۔ سورج کی روشنی میں مناسب وقت گزارنے سے اور پابندی سے کسرت کرنے کے ساتھ صحت مند خوراک کے استعمال سے بچوں میں موٹاپے کے سنگین خطرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔