عدلیہ کی تضحیک ، رانا ثنا اللہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا

اتوار 26 اکتوبر 2014 08:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء) عدلیہ کی تضحیک کرنے اور ماڈل ٹاؤن جوڈیشل انکوائری کے سربراہ مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور رپورٹ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر سا بق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا،قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیاہے کہ سات دن میں معافی مانگیں ورنہ توہین عدالت کی درخواست دائر کرینگے۔

(جاری ہے)

چودھری شعیب سلیم ایڈووکیٹ کی طرف سے رانا ثناء اللہ کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ مختلف ٹی وی چینلز اور تقاریب میں لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید علی باقر نجفی کی سربراہی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو تنقید کا نشانہ بنانے رہے ہیں جبکہ کمیشن کے سربراہ ہائیکورٹ کے جج کو تضحیک کا نشانہ بنایا جا رہے، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن کے سربراہ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور انکی رپورٹ کو تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کریں اور اپنے مذموم بیانات پر معافی مانگیں، سابق وزیر قانون کے بیانات توہین عدالت سے متعلق آئین کے آرٹیکل دو سو چار کی ذیلی دفعہ دو کے ذمرے میں آتے ہیں، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر رانا ثناء اللہ نے اپنے مذموم بیانات پر سات دنوں میں معافی نہ مانگی تو انکے خلاف آئین کے آرٹیکل دو سو چار کے تحت توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائیگی۔