عراقی پائیلٹ کو محبوبہ کی فرمائش پورا کرنا مہنگا پڑ گیا،ہواباز نے گرل فرینڈ کے کالج پر ہیلی کاپٹر کو انتہائی نیچے پرواز کرائی

پیر 10 نومبر 2014 09:05

ابغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء)محبوب یا محبوبہ کی جائز یا ناجائز فرمائشیں بعض اوقات عْشاق کو مہنگی بھی پڑ جاتی ہیں۔ فرمائش پوری کر کے وہ محبوبہ کو تو خوش کر لیتے ہیں مگر اس کے بدلے میں ملنے والی ذلت و رسوائی سے بچنا ان کے لیے ممکن نہیں رہتا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک ایسا ہی واقعہ عراق کے سر پھرے عاشق کے ساتھ پیش آیا۔

یہ عاشق کوئی عام آدمی نہیں بلکہ عراقی فوج کا ایک افسر اور ہیلی کاپٹر کا پائیلٹ ہے۔ اس کی محبوبہ نے اپنی دوستی جتانے کے لیے اسے فرمائش کی کہ وہ اپنے ہیلی کاپٹر کو اس کے کالج کے عین اوپر سے انتہائی کم بلندی پر پرواز کرتا ہوا گذارے تاکہ کالج کے طلبا و طالبات اور انتظامیہ پر ایک رعب طاری ہو سکے۔محبوبہ کی فرمائش پر موصوف کو بغداد میں واقع المامون کالج کے اوپر سے ہیلی کاپٹر کو نچلی پرواز میں گذارنا پڑا تاہم اسے لینے کے دینے پڑ گئے۔

(جاری ہے)

عین ممکن ہے کہ اس کے بعد اسے ہیلی کاپٹر اڑانے کی دوبارہ اجازت بھی نہ ملے کیونکہ وزیر دفاع نے حکومت کے میڈیا ایڈوائزر کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔وریر دفاع محمد العسکری نے میڈیا مشیر کی قیادت میں ایک کمیٹی المامون کالج کی انتظامیہ کے پاس معذرت کے لیے بھی بھیجی۔ وفد نے کالج کی انتظامیہ اور طلباء کو ہیلی کاپٹر کی نچلی پرواز سے پریشان اور خوف زدہ ہونے پر ان سے معذرت کی اور ساتھ ہی یقین دلایا کہ نچلی پرواز میں کالج کے اوپر سے ہیلی کاپٹر اڑانے والے پائلٹ کے خلاف فوجی قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔