شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا،سیلاب متاثرین کیلئے 16 ارب روپے کا امدادی پیکج‘ دوسرے مرحلے میں 11ارب 72کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے،غریب متاثرین کوروزگار کیلئے 10ہزار روپے دیئے جائیں گے‘ کسانوں کو 10ہزار روپے فی ایکڑ کی ادائیگی کی جائے گی،متاثرہ اضلاع میں 59سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں‘ متاثرین پے آرڈر کے ذریعے 5بنکوں سے امدادی رقم لے سکیں گے،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 10 نومبر 2014 08:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کا دوسرا مرحلہ 10نومبر سے شروع ہو رہا ہے جس کے تحت 11 ارب 72 کروڑ روپے پہلے مرحلے میں تقسیم کئے جائیں گے جبکہ 4 ارب 30 کروڑ روپے پہلے مرحلے میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ اس طرح 16ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی پے آرڈر کے تحت کی جائے گی جس کے لئے متاثرہ اضلاع میں 59 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

امدادی رقوم کی ادائیگی کے عمل کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ سیلاب متاثرین کی امداد میں 50 فیصد وفاقی حکومت نے دیا ہے جس پر ہم وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر غریب متاثرین کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے 10 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے آج ایوان وزیراعلیٰ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر ممبربورڈ آف ریونیو ندیم اشرف اور ڈی جی پی ڈی ایم ڈاکٹر احمدجاوید قاضی بھی موجود تھے۔سید زعیم حسین قادری نے بتایا کہ امدادی رقوم کے تمام مراحل کو صاف اور شفاف بنایا گیا ہے اور اس کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا گیا ہے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور حقدار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی رقوم کی ادائیگی کا عمل 15 روز میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ لوگوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے ادائیگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ مکمل طور پر تباہ شدہ گھر کا تخمینہ80ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ان کو 25ہزار روپے ادا کر دیئے گئے ہیں۔ اب دوسرے مرحلے میں ان کو مزید55ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اسی طرح کم نقصان پہنچنے والے گھر کا تخمینہ 40ہزار روپے ہے اور دوسرے مرحلے میں ان کو بھی مزید 15ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

جبکہ 25ہزار روپے مرحلے میں ادا کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ 92ہزار کسانوں کو 10ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے ادائیگی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سینٹروں میں نادرا اور بنک آف پنجاب کے کاؤنٹرقائم کئے گئے ہیں اور متاثرین پے آرڈر کے ذریعے پانچ بنک جن میں یو بی ایل‘ حبیب بنک‘ نیشنل بنک‘ مسلم کمرشل بنک اور بنک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ سے رقوم حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پے آرڈر 6ماہ تک موثر رہے گا۔سید زعیم حسین قادری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے 286افراد جاں بحق ہوئے اور ان کے لواحقین کو 16لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ادائیگی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو 90ہزار 600 ٹینٹ‘ 2لاکھ کے قریب فوڈ ہیمپرز بھی فراہم کئے گئے۔

اسی طرح 23ہزار مچھردانیاں‘ پانی صاف کرنے کی 25لاکھ گولیاں‘ منرل واٹر کی ڈیڑھ لیٹر کی 23 لاکھ بوتلیں فراہم کی گئیں۔ جبکہ جانوروں کے لئے 1.5ملین کلوگرام ونڈا بھی پہنچایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ 16اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو 2 ارب 23 کروڑ روپے کے فنڈز فوری طور پر جاری کئے گئے تاکہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے فوری اقدامات کر سکیں۔