حکمرانوں کی نااہلی سے بدترین لاء اینڈ آرڈر پر اقلیتوں سمیت ہر پاکستانی خوفزدہ ہے: چودھری پرویزالٰہی ،آج ہر گھرانہ ڈکیتی، چوری یا راہزنی سے متاثر ہے، "Mob Justice" کا اسلام و قانون میں تصور ہے نہ یہ مسائل کا حل ہے ،سابق نائب وزیراعظم،پٹرولنگ پوسٹوں، پولیس کو سہولتوں اور موٴثر نگرانی کے باعث ہمارے دور میں جرائم 60فیصد کم ہو گئے تھے، لیگی کارکنوں اور اقلیتی ونگ سے گفتگو

پیر 10 نومبر 2014 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث لاء اینڈ آرڈر کی بدترین صورتحال پر اقلیتوں سمیت ہر پاکستانی خوفزدہ ہے جبکہ پنجاب میں ہماری حکومت کے دوران ہر قسم کے جرائم میں نمایاں کمی ہونے کے علاوہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل تھا۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے پاکستان مسلم لیگ اور اقلیتی ونگ کے کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کے 5 سال میں ہر پاکستانی کے جان و مال کی حفاظت کیلئے باقاعدہ پالیسی بنائی گئی اور اس پر عمل کیا گیا، اقلیتوں کو شرپسندوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی موٴثر اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین و قانون میں Mob Justice کا کوئی تصور نہیں یعنی کسی ملزم کے مجرم ہونے اور اسے سزا دینے کا فیصلہ لوگوں کا کوئی جتھہ نہیں کر سکتا اور نہ ہی یہ کسی مسئلہ کا حل ہے، اسلام میں مذہب اور رنگ و نسل کے امتیاز کے بغیر ہر شہری کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے اور کسی بھی ملزم پر عدلیہ کے ذریعے سزا دینے کا باقاعدہ ایک نظام ہے۔

اقلیتی وفد اور کارکنوں نے چودھری پرویزالٰہی کی اس بات کی پرزور تائید کی کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہبازشریف کے دور میں ہماری حکومت کی نسبت ہر قسم کے جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور ہر شہری باالخصوص اقلیتیں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی ہیں جبکہ 2002-07 کے ہمارے دور میں پولیس پٹرولنگ پوسٹوں کے قیام اور پولیس کو جدیدترین سہولیات کی فراہمی کے علاوہ تنخواہوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نگرانی کے مستند نظام کے باعث شاہراہوں، دیہی سڑکوں، شہروں اور دیہات میں سنگین وارداتوں سمیت ہر قسم کے جرائم 60 فیصد تک کم ہو گئے تھے لیکن آج کسی بھی شہر یا گاؤں میں کوئی گھرانہ ایسا نہیں ہے جس کا کوئی نہ کوئی فرد ڈکیتی، چوری اور راہزنی کا شکار نہ ہوا ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جھوٹے وعدوں اور اشتہارات سے کسی کو گمراہ نہیں کر سکتے کیونکہ عوام کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :