’ٹنڈولکر نے پہلا میچ پاکستانی ٹیم کیلئے کھیلا‘،عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے 1989 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، سچن نے انٹرنیشنل کرکٹ اس سے دو سال قبل ہی کھیل لی تھی، مجھے پتہ نہیں عمران خان کو یاد بھی ہے یا نہیں کہ میں ان کی پاکستانی ٹیم کے لیے بھی فیلڈنگ کر چکا ہوں، ٹنڈولکر کا اپنی کتاب میں انکشاف

پیر 10 نومبر 2014 08:41

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) تمام لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے 1989 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تاہم شاید بہت ہی کم لوگ اس بات سے واقف ہوں کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ اس سے دو سال قبل ہی کھیل لی تھی۔لیکن حیران کن بات یہ کہ انہوں نے اپنا پہلا انڈیا کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کھیلا تھا اور وہ بھی اپنے ملک ہندوستان کے خلاف۔

1987 میں پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارتی کے موقع پر ممبئی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان منعقدہ ایک نمائشی میچ میں وہ عمران خان کی ٹیم کے لیے متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں اترے۔جاوید میانداد اور عبدالقادر کھانے کے وقفے کے موقع پر میدان سے چلے گئے اور اس موقع پر ٹنڈولکر کو فیلڈنگ کے لیے بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے انہیں لانگ آن پر کھڑا کیا جہاں تھوڑی ہی دیر بعد کپیل دیو نے ایک اونچا شاٹ کھیلا لیکن 15 میٹر بھاگنے کے باوجود ٹنڈولکر میچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

اس بات کا انکشاف ٹنڈولکر نے اپنی حال ہی میں جاری کردہ کتاب میں کیا ہے۔ٹنڈولکر نے لکھا کہ بعد میں انہوں نے اپنے دوست سے شکایتاً کہا کہ اگر انہیں لانگ کے بجائے مڈ آن پر کھڑا کیا جاتا تو وہ کیچ پکڑ سکتے تھے۔عظیم بلے باز نے اپنی کتاب میں لکھا کہ مجھے پتہ نہیں کہ عمران خان کو یاد بھی ہے کہ نہیں کہ میں ان کی پاکستانی ٹیم کے لیے بھی فیلڈنگ کر چکا ہوں۔