برطانیہ،دہشت گردی،چار افراد سے پوچھ تاچھ جاری،دہشت گردی کی سازش کے الزام میں گرفتار افراد کی حراستی مدت میں توسیع

پیر 10 نومبر 2014 09:06

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء)برطانیہ میں دہشت گردی کے حملے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار کیے گئے چار مشتبہ افراد کی حراستی مدت میں توسیع کردی گئی ہے اور حکام ان سے مزید سات روز تک پوچھ تاچھ کریں گے۔ان چاروں افراد کو گذشتہ جمعرات کو لندن کے مختلف علاقوں سے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ان کی عمریں انیس اور ستائیس سال کے درمیان ہیں۔

ان پر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی،اس کی شہ دینے اور معاونت کرنے کا شْبہ ہے۔برطانوی حکام نے ان کی مزید شناخت نہیں بتائی۔اسکاٹ لینڈ یارڈ ہیڈکوارٹرز کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ان چاروں افراد کو مزید سات روز تک حراست میں رکھنے کے لیے وارنٹ حاصل کر لیے گئے ہیں۔ترجمان کے بہ قول ان مشتبہ افراد کو مسلمانوں سے متعلق دہشت گردی کی سازش کے حوالے سے جاری تحقیقات کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مشتبہ افراد نے برطانوی سرزمین پر دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ان میں سے تین کو مسلح فورسز نے مغربی لندن سے گرفتار کیا تھا۔چوتھے کو دارالحکومت کے مغربی علاقے سے پکڑا گیا تھا۔اس کے علاوہ پولیس نے بہت سے مکانوں کی تلاشی بھی لی گئی تھی۔پولیس نے ان مشتبہ افراد کو پکڑے جانے کے بعد سے لندن کے مغربی علاقے ہائی وائی کومبے میں دومکانوں کا محاصرہ کررکھا ہے اور ان کے سامنے حصے پر ٹیپ لگادی ہے جس میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس سے آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں۔

ان افراد کی گرفتاری برطانوی حکومت کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے خطرے کی سطح قابل ذکر سے شدید کیے جانے کے چند ماہ کے بعد عمل میں آئی ہے۔اس سطح سے مراد یہ ہے کہ دہشت گردی کے حملے کا بہت زیادہ امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :