ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے یویوٹائیگرزکو شکست دیدی،بھارت کے شہر لدھیانہ میں ہونیوالے میچ میں لاہور لائنز نے65-55سے کامیابی حاصل کی،محمد خان نے18پوائنٹس حاصل کرکے مین آف دی میچ رہے،پوری قوم پاکستان کی کامیابی پر خوش ہے، لاہور لائنز کے کھیل سے شائقین کو اچھی کبڈی دیکھنے کو ملی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی ٹیم کو مبارکباد

پیر 10 نومبر 2014 08:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء) ورلڈ کبڈی لیگ کے میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو یو ٹائیگرز کو65-55سے شکست دیدی،لاہور لائنز کے کھلاڑی محمد خان نے 18پوائنٹس حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے، تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر لدھیانہ میں ہونیوالے ورلڈ کبڈی لیگ کے میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یویوٹائیگرز کو 65-55سے شکست دیدی۔

لاہور لائنز کے کھیل کو شائقین نے بے حد سراہا اور پوائنٹس حاصل کرنے پر انہیں بھرپور داد دی،شفیق چشتی ، اکمل شہراد ڈوگر اور محمد خان نے بہترین ریڈ زکر کے خوبصورت پوائنٹ حاصل کئے ، سٹاپرز میں نعیم سندھو اور مشرف جاوید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، لاہور لائنز کا پورے میچ کے دوران پلہ بھاری رہا، کپتان شفیق چشتی اکمل شہزاد، محمد خان اور نعیم سندھو کا کھیل نمایاں رہا، محمد خان نے 18پوائنٹس حاصل کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، اور میچ آف دی سٹاپر کا ایوارڈنعیم سندھو کو دیا گیا۔

(جاری ہے)

پہلے کوارٹر میں سکور15-15دوسرے میں33-24تیسرے میں 50-39اور چوتھے اور آخری کوارٹر میں65-55رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے لاہور لائنز کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے پوری ٹیم کے کھیل کو بے حد سراہااور ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور لائنز کے کھیل سے شائقین کو اچھی کبڈی دیکھنے کو ملی، لاہور لائنز نے اچھے پوائنٹس حاصل کئے، پوری قوم پاکستان کی کامیابی پر خوش ہے اور امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹیں گے۔