سعودی عرب میں دہشت گردی کی سازش ناکام، 33 مشتبہ شدت پسندگرفتار دہشت گردوں نے اہم حکومتی تنصیبات، سرکاری اور حساس اداروں کے مراکز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی ،سعودی حکا م

پیر 10 نومبر 2014 09:03

اریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10نومبر۔2014ء)سعودی پولیس اور انسداد دہشت گردی حکام نے ملک میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بناتے ہوئے کم سے کم 33 مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق”الاحسا“ میں عاشورہ محرم کے موقع پر دہشت گردی کرنے والے گروپ سے بتایا جاتا ہے اور ان کے اندرون اور بیرون ملک عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطے بھی پائے گئے ہیں۔

سعودی سیکیورٹی ذرائع نے”العربیہ“ نیوز چینل کو بتایا کہ حراست میں لیے گئے دہشت گردوں نے اہم حکومتی تنصیبات، سرکاری اور حساس اداروں کے مراکز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا اصل مقصد ملک بھر میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا تاہم انہوں نے اس طرف سے توجہ ہٹانے کے لیے محرم الحرام کے موقع پر الاحساء میں دہشت گردی کی ایک کارروائی کی تھی جس میں کم سے کم سات افراد مارے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الاحساء میں دہشت گردی کے واقعے میں ملوث کچھ عناصر کی گرفتاری کے بعد ان کی نشاندہی پر مزید چھاپے مارے گئے۔ چند روز میں 33 مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم چھاپوں اور گرفتاریوں کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔محرم الحرام میں یوم عاشورہ کے موقع پر الاحساء شہر میں تین دہشت گردوں نے امام الحسینہ کے سامنے فائرنگ کرکے کم سے کم سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :