پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کی بڑھتی ہوئی کرپشن اور بدعنوانیاں ، و ز یراعلیٰ نے ممبران اسمبلی پر مشتمل ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کو فعال کر دیں ، ہر ضلع میں تعمیراتی کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں،کمیٹیوں کو ہدایت

اتوار 16 نومبر 2014 09:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16نومبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بڑھتی ہوئی کرپشن اور بدعنوانیوں کو روکنے کے سلسلہ میں ممبران اسمبلی پر مشتمل ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کو فعال کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ضلع میں تعمیراتی کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں،اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا باضابطہ اجلاس ڈی سی او آفس فیصل آباد کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا،جس کی صدارت چےئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ رانا محمد افضل خان ایم این اے نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری کے فرائض پہلی مرتبہ ڈی سی او فیصل آبادنورالامین مینگل نے ادا کئے،اس اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد اکرم انصاری،میاں عبدالمنان،چوہدری نثار جٹ،رجب علی بلوچ اور بیگم خالدہ منصور کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی حاجی الیاس انصاری،کنیز اسحاق،بیگم نجمہ افضل،محمد نواز ملک،شیخ اعجاز احمد،میاں طاہر جمیل،چوہدری عارف محمود گل،حاجی خالد سعید،فقیر حسین ڈوگر،سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری افضل ساہی،رانا شعیب ادریس،راؤ کاشف رحیم،نعیم اللہ گل،جعفر علی ہوچا،رائے عثمان کھرل کے علاوہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ ارسلان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او فیصل آباد نے ضلع میں ترقیاتی سکیموں کے بارے میں ممبران کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ابتک فیصل آباد میں تعمیر وترقی کیلئے کروڑوں روپے خرچ ہوچکے ہیں۔اس موقع پر بعض ممبران اسمبلی نے ڈی سی او نورالامین مینگل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ایسے منصوبہ جات انکی نگرانی میں مکمل ہوئے ہیں جس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے مگر ڈی سی او فیصل آباد اس موقع پر خاموش رہے،ڈی سی او نے ارکان اسمبلی کی ہدایت پر ای ڈی او میونسپل سروس کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آئندہ اے ڈی ایل جی کے ہمراہ ضلع کے تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی فنڈز کی تفصیلات رپورٹ ممبران اسمبلی کو مہیا کریں اور آئندہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے گلی محلوں میں عوامی ضرورت کی تمام سکیمیں ان کی ہدایت کے مطابق مکمل کی جائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 28کروڑ روپے کی لاگت سے سکولوں میں سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور آئندہ جون تک ضلع فیصل آباد کا کوئی گرل سکول چار دیواری کے بغیر نہیں رہے گا۔خبر رساں ادارے کے مطابق ضلع فیصل آباد میں تعلیمی اداروں کے فرنیچر اور تزئین وآرائش کے سلسلہ میں80لاکھ روپے کی خردبرد کے الزام میں صوبائی سیکرٹری تعلیم نے چند روز قبل مختلف شکایات پر ای ڈی او وحیدالدین شاہ کومعطل کرکے فیصل آباد سے تبدیل کردیا تھا جبکہ ڈی سی او فیصل آباد نورالدین مینگل اپنے ای ڈی او کی سرپرستی کر رہے تھے۔

اس موقع پر سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر سہیل تاجک نے امن وامان کی صورتحال کے بارے میں ممبران اسمبلی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پولیس جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے ،جس کے نتائج بھی خاطر خواہ برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ممبران اسمبلی کی رائے کو اہمیت دی جائے گی اور ان کے ہدایت کے مطابق جرائم کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس پنجاب بھر میں ہر ضلع میں منعقد ہوں گے،جس کی صدارت مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی چےئرمین کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے

متعلقہ عنوان :