چینی فوج پاک فوج کے جوانوں کی تربیت کررہی ہے، بھارت کا واویلا ، چینی فوج کو بین الاقوامی سرحد کے راجوری سیکٹر میں پاک فوج کے جوانوں کوہتھیار ہینڈلنگ کی تکنیک کی تربیت دیتے دیکھا گیا ، بی ایس ایف انٹیلی جنس ونگ کا دعوی،سری نگر سیکٹر میں پیرا ملٹری پوسٹس پررینجرز کی جگہ پاک فوج نے پوزیشن سنبھال لی ہیں، حال ہی میں پنجاب کے ابوہار اور گرداسپور سیکٹرز میں پاکستان نے نئے آبزرویشن ٹاورز نصب کردیئے ہیں، بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کی مخصوص پوسٹوں پر پاک فوج کے کمانڈوز کے اسپیشل اسکواڈ تعینات کردیے گئے ہیں ،بھارتی اخبار کی رپورٹ

اتوار 16 نومبر 2014 10:35

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16نومبر۔2014ء)بھارتی اخبار”ٹائمز آف انڈیا“ نے ایک رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سرحد کے ساتھ چینی فوجی پاک فوج کے جوانوں کی تربیت کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی سیکورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ چینی فوج مقبوضہ جموں کشمیر کی پاک بھارت سرحد پر پاکستان آرمی کے اہلکاروں کی تربیت کر رہے ہیں۔

بی ایس ایف انٹیلی جنس ونگ کی طرف سے پیش ایک رپورٹ کے مطابق چینی فوج کو بین الاقوامی سرحد کے راجوری سیکٹر میں پاک فوج کے جوانوں کوہتھیار ہینڈلنگ کی تکنیک کی تربیت دیتے دیکھا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عموما ًسرحد کی حفاظت پر مامورپاک رینجرز اہلکار تعینات ہوتے ہیں مگرسری نگر سیکٹر میں پیرا ملٹری پوسٹس پررینجرز کی جگہ پاک فوج نے پوزیشن سنبھال لی ہیں اور حال ہی میں پنجاب کے ابوہار اور گرداسپور سیکٹرز میں پاکستان نے نئے آبزرویشن ٹاورز نصب کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک فوج اوررینجرز اسٹریٹجک مقامات اور پوسٹوں پراسنیپرز اور شارپ شوٹر کی تعیناتی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔بی ایس ایف کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کی مخصوص پوسٹوں پر پاک فوج کے کمانڈوز کے اسپیشل اسکواڈ تعینات کردیے گئے ہیں۔