معاہدہ طے پا گیا، کینیا کی کرکٹ ٹیم 11 دسمبر سے پاکستان کا دورہ کریگی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ کینیا کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی ، کینیا کی ٹیم 5ایک روزہ میچ کی سیریز کھیلے گی ، تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہو ر میں کھیلے جائینگے ،پہلا ون ڈے 13دسمبر کو کھیلا جائے گا، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سب سے بڑا چیلنج ہے ، کینیا کا دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو خوش آئند ہے ، اگلے سال سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی انڈر 19 ٹیمیں یہاں آ رہی ہیں، دوسرے مرحلے میں آئرلینڈ، ہالینڈ اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں گی، شہریار خان

بدھ 26 نومبر 2014 08:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26نومبر۔2014ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ کینیا کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی ، کینیا کی ٹیم 5ایک روزہ میچ کی سیریز کھیلے گی ، تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہو ر میں کھیلے جائینگے ،پہلا ون ڈے 13دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔پاکستانی کرکٹ کے دیوانوں کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ کینیا کرکٹ ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی ، پاکستان اے کے خلاف مہمان ٹیم کی سیریز کا شیڈول طے پا گیا۔

پی سی بی کے مطابق کینیا کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان میں پاکستان اے ٹیم کے ساتھ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ کینیا کی ٹیم 11 دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ مہمان کینیا اور پاکستان اے کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا ون ڈے 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دیگر میچز پندرہ ، سولہ ، اٹھارہ اور بیس دسمبر کو شیڈول کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بڑا چیلنج ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہے۔یہ سب راتوں رات نہیں ہوسکتا۔ کینیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے اگلے سال سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی انڈر 19 ٹیمیں یہاں آ رہی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں آئرلینڈ، ہالینڈ اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں گی۔ یوں رفتہ رفتہ دو ہزار پندرہ میں پاکستان پرعالمی کرکٹ کے بند دروازے کھل جائیں گے