نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی،پاکستانی بیٹنگ نے اپنا اصل رنگ دکھا دیا ،پاکستانی بلے بازوں کا ایک بار پھر شرمناک کھیل کا مظاہرہ ،شارجہ کی اس وکٹ پر پاکستانی بلے باز کیویز باؤلرز کے سامنے بھیگی بلی بن گئے ، دوسری اننگز میں پوری ٹیم 259 پر آؤٹ ہوگئی نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم کو ٹیسٹ کی چوتھی تیز ڈبل سنچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا

پیر 1 دسمبر 2014 07:46

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی بیٹنگ نے اپنا اصل رنگ دکھا دیا ، پاکستانی بلے بازوں کا ایک بار پھر شرمناک کھیل کا مظاہرہ ، پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی شارجہ کی اس وکٹ پر جہاں کیویز نے مار مار کر پاکستانی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا تھا، پاکستانی بلے باز کیویز باؤلرز کے سامنے بھیگی بلی بن گئے ، دوسری اننگز میں پوری ٹیم 259 پر آؤٹ ہوگئی ، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ ایک اننگز اور 80 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم کو ٹیسٹ کی چوتھی تیز ڈبل سنچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے 8 وکٹوں پر 639 رنز سے چوتھے روز ا توار کو کھیل دوبارہ شروع کیا اور پوری ٹیم 690 رنز پر آؤٹ ہوگئی ، نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان برینڈن میکولم نے صرف 188 گیندوں پر 202 ، ویلیم سن نے 192 کے علاوہ چار کھلاڑیوں ٹیلر ، اینڈرسن ، کریگ اور ساؤتھی نے نصف سنچریاں بنائیں ، پاکستان کی طرف سے راحت علی اور یاسر شاہ نے 4-4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 339 رنز کی برتری حاصل کی ، نیوزی لینڈ کی برتری نے پاکستانی بلے بازوں کو دوسری اننگز شروع ہونے سے پہلے ہی خوف زدہ کردیا ، شارجہ کی اس وکٹ پر جہاں نیوزی لینڈ کے پہلے سے لیکر آخری بلے تک سب نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اسی وکٹ پر پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی بزدلی کا مظاہرہ کیا اور صرف 63 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے 5 صف اول کے بلے باز پویلین واپس لوٹ چکے تھے جن میں دونوں اوپنر ز یونس خان ، مصباح الحق اور اظہر شامل تھے ۔

پاکستان کی وکٹیں وقفہ وقفہ سے گرتی رہیں ، صرف اسد شفیق نے خلا ف توقع اس میچ میں وکٹ پر کھڑے ہوکر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور وہ 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے علاوہ نمایاں بلے باز 37 رنز سے سرفراز اور 24 رنز سے محمد حفیظ رہے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار باؤلنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 4 ، کریگ نے 3 سودی نے 2 جبکہ وٹوری نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

نیوزی لینڈ نے یہ ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ۔ پاکستان نے پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی ، دوسرا میچ برابر رہا تھا جبکہ تیسرا میچ نیوزی لینڈ نے جیت لیا ۔ سیریز1-1سے برابر کردی،پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا تھا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے بولٹ نے4، گریگ نے3 اور سوڈی نے2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،مین آف دی میچ کا ایوارڈ کپتان برینڈن میککلم کو دیا گیا جبکہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ محمد حفیظ کودیاگیا

متعلقہ عنوان :