” اعلان ہوتے ہی عملدرآمد “ کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے 23طلبا اور 5اساتذہ کو لیپ ٹاپ مل گئے

ہفتہ 6 دسمبر 2014 06:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے دورے پر آئے کیڈٹ کالج قلعہ سیف الله بلوچستان کے 23طلبا اور 5اساتذہ کو لیپ ٹاپ دے دئیے گئے ہیں-کیڈ ٹ کالج سیف الله کے طلبا نے آج شام وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم کو شاندار اقدام قراردیتے ہوئے کہاتھا کہ ایسی سکیم بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی ہونی چاہیے تاکہ ہم جیسے طالب علم بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں-جس پر وزیراعلیٰ نے پنجاب کے دورے پر آئے کیڈٹ کالج قلعہ سیف الله کے طلبا اوراساتذہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا او رسیکرٹری ہائر ایجوکیشن عبدالله سنبل کو ہدایت کی کہ رات تک لیپ ٹاپ طلبا او راساتذہ کو فراہم کئے جائیں -سیکرٹری ہا ئر ایجوکیشن نے وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فوری طو رپر لیپ ٹاپ 23طلبا اور 5اساتذہ کو فراہم کر دئیے ہیں- جس پر طلبا اور اساتذہ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا خصوصی طو رپرشکریہ ادا کیاہے -