وزیر امور کشمیر نے منگلا ڈیم بحالی کمیٹی کا اجلاس 11 دسمبر کو طلب کرلیا،آزاد کشمیر کے لیے وزیراعظم کے اعلان کردہ میگا پراجیکٹس جلد شروع ہوں گے،منگلا متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر امور کشمیر کی وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات

ہفتہ 6 دسمبر 2014 06:45

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت منگلا ڈیم متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اس سلسلے میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے لیے قائم کی گئی امپلی مینٹیشن (implementation) کمیٹی کی سب کمیٹی کا اجلاس انہوں نے بروز جمعرات11 دسمبر کووزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان میں طلب کرلیا ہے۔

وہ آج بروز جمعہ اپنے دفتر میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منگلا متاثرین کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے لیے48ارب روپے کی لاگت کے جن میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا تھا ان پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے وفاقی وزیر کو منگلا متاثرین کی مشکلات سے آگاہ کیا اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اضافی خاندانوں کی بحالی، میرپور شہر کے لیے پانی کی فراہمی اور میرپور کو گیس کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلاً بات کی۔ وفاقی وزیر نے آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات کرنے پر زور دیا اور وعدہ کیا کہ وہ منگلا متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے ذاتی دلچسپی لیں گے اور وفاقی وزیر خزانہ سے بات کریں گے۔ منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کی امپلی مینٹیشن کمیٹی مختلف وفاقی وزراء اور آزادکشمیر کے وزراء پر مشتمل ہے جو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے تحت ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے امور کشمیر کرتے ہیں عمار۔

متعلقہ عنوان :