کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب، پاکستان نیوی نے کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی کمانڈ کینیڈین نیوی کے حوالے کر دی، ٹاسک فورس میں شامل نیول فورسز کا تعاون اور مدد قابل ستائش ہے جس کی بدولت موٴثر بہترین طریقے سے فرائض کی انجام دہی ممکن ہوئی، کموڈور ساجد محمود

ہفتہ 6 دسمبر 2014 07:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء) پاکستان نیوی نے کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی کمانڈ کینیڈین نیوی کے حوالے کر دی۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب ہیڈکوارٹرز نیو سینٹ(HQs NAVCENT) بحرین میں منعقد ہوئی۔ پاکستان نیوی کے کموڈور ساجد محمود ستارہ امتیاز(ملٹری)نے کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی کمانڈ کینیڈا کے نئے مقرر ہونے والے کمانڈرکمبائنڈ ٹاسک فورس150-کموڈور سنٹارپیا(Santarpia)کے حوالے کی۔

تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں یو ایس فورسز سنٹرل کمانڈ وائس ایڈمرل جَون ڈبلیو مِلر(John W Miller)، کمانڈر یو ایس ففتھ فلیٹ اور کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کموڈور ساجد محمود نے کہا کہ ٹاسک فورس میں شامل نیول فورسز کا تعاون اور مدد قابل ستائش ہے جس کی بدولت موٴثر بہترین طریقے سے فرائض کی انجام دہی ممکن ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں میری ٹائم کی مشترکہ سیکیورٹی میں تعاون کے سلسلے میں ہمارے مصمم عزم سے پاکستان نیوی اور اتحادی نیول فورسز کے درمیان تعلقات میں مسلسل استحکام آرہاہے۔کمبائنڈ ٹاسک فورس150-اِن تین ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے جو کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیر انتظام ہیں۔ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کا مشن دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے دہشت گردی کے اقدامات اور اس سے متعلقہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔

کمبائنڈ ٹاسک فورس150-ایک کثیرالقومی اتحادی فورس ہے جو آپریشن اِنڈیورنگ فریڈم (Operation Enduring Freedom) کی مدد سے سمندر میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز سر انجام دیتی ہے۔پاکستان نیوی نے کمبائنڈ ٹاسک فورس کی ساتویں مرتبہ کمانڈ کا دورانیہ کامیابی سے مکمل کیا جواتحادی ملکوں کی جانب سے پاکستان نیوی پر مکمل اعتماد اور وقار کا مظہر ہے ۔ پاکستان نیوی نہ صرف پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت و نگرانی کے فرائض سر انجام دیتی ہے بلکہ کئی سالوں سے انٹرنیشنل کولیشن آپریشنز میں بھی سرگرمی سے حصہ لے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :