جے یو آئی(ف) کاخالد سومرو کے قتل کیخلاف ملک گیر احتجاج، یکم مارچ کو اسلام آباد میں بڑا مظاہرہ کرنیکا اعلان، حکمران، ریاستی ادارے قاتلوں کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں، یکم مارچ تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں، ایسامظاہرہ کرینگے کہ لوگ دھرنیاں بھول جائینگے، کفن پہننے اور قبریں کھودنیوالے آج بھاگ گئے، عنقریب عمران کا میوزیکل شو بھی ختم ہوگا ،غفور حیدری، دیوبند نے کفن پہنے تو پھر وہ سرخ ہونے پر ہی اترینگے، ہمیں انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے ، سیکرٹری جنرل جمعیت کا خطاب، قیادت حکم دے اپنے تحفظ کی خاطر اسلحہ اٹھانے اور میدان عمل میں آنے کیلئے تیار ہیں،نائب خطیب لال مسجد مولانا عامر صدیق ، مولانا شریف ہزاروی، مفتی محمد عبداللہ ، ظہور علوی، مفتی عمر زیب و دیگر کا خطاب

ہفتہ 6 دسمبر 2014 06:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کا ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، وفاقی دارالحکومت کے احتجاج کی سربراہی مولانا عبدالغفور حیدری نے کی۔ سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ف) نے کہاہے کہ حکمران اور ریاستی ادارے ہمارے قاتلوں کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں، یکم مارچ تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں، مارچ میں ایسامظاہرہ کرینگے کہ لوگ دھرنیاں بھول جائینگے، کفن پہننے اور قبریں کھودنے والے آج بھاگ گئے، عنقریب عمران خان کا میوزیکل شو بھی ختم ہوگا ، دیوبند نے کفن پہنے تو پھر وہ سرخ ہونے پر ہی اترینگے، ہمیں انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے جبکہ دیگر قائدین نے کہاہے کہ قیادت حکم دے اپنے تحفظ کی خاطر اسلحہ اٹھانے اور میدان عمل میں آنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف اورمولانافضل الرحمن پر ہونیوالے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرہ لال مسجد سے شروع ہوکر ملحقہ چوک پر دھرنا کی شکل اختیار کرگیا ۔اس موقع پر شرکاء جمعیت کے حق اور حکمرانوں کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے ۔

احتجاجی مظاہرے سے سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری، نائب خطیب لال مسجد مولانا عامر صدیق ، مولانا شریف ہزاروی، اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل مفتی محمد عبداللہ ، وفاق المدارس کے مولانا ظہور علوی، مفتی عمر زیب، قاری سہیل عباسی ، اہل سنت والجماعت ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمن معاویہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) ، اہل سنت والجماعت، جمعیت اہل سنت، انصار الامہ اور وفاق المدارس العربیہ کے کارکنوں وطلباء نے شرکت کی۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شیرسندھ تھے جن کا قتل کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی جمعیت ان کا خون رائیگاں جانے دے گی۔انہوں نے کہاکہ مولانافضل الرحمن پر 3حملے ہوئے مگر ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہاہے ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے یا پھر تسلیم کیا جائے کہ وہ بے بس ہیں ، ہم سیکورٹی اداروں اور انٹیلی جنس اداروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں حقائق بتائیں جائیں دوسری صورت میں ہم صوبائی حکومتوں اور اداروں کو اپنا مجرم تصور کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ 19 دسمبر کوملک کے تمام اضلا ع میں احتجاج کی کال دی ہے جبکہ 2 جنوری کو بھی ملک گیر احتجاج ہوگا اسی طر ح 16 جنوری کو یونین کونسل لیول تک احتجاجی مظاہرے کرینگے جبکہ یکم مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا ہم حکمرانوں کو یکم مارچ تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ ہمارے قاتل گرفتار کئے جائیں اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مارچ کا مظاہرہ دھرنیاں بھلا دے گا آج وہ بتائیں جو قبریں کھودتے اور کفن پہنتے تھے کہاں گئے ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں جبکہ عمران خان کا میوزیکل شو بھی جلد ختم ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیوبند ابھی پرامن ہیں اگر انہوں نے کفن پہن لئے تو پھر وہ سرخ ہونے پر ہی اترینگے ہمیں انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے۔ اس موقع پر مولانا عامر صدیق نے کہاکہ اب حکومت سے اپیلوں سے بات نہیں بنے گی قیادت ہمیں اپنے تحفظ کی خاطر مسلح ہونے کی اجازت د ے۔

مولاناشریف ہزاروی نے کہاکہ حکمران بتائیں کہ نامعلوم کونسے قاتل ہوتے ہیں جن کے خاکے بھی تیار کرلئے جاتے ہیں مگر اس کے باوجود انہیں منظر عام پر نہیں لایا جاتا۔ اس موقع پر دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا بعدازاں کارکنان پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔