وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے فشریز نااہل قرار،حاجی اکبر آسکانی کو نادرا کی رپورٹ ملنے کے بعد نااہل قرار دیا گیا، الیکشن ٹریبونل کا حلقہ 50 کیچ 3 میں فوری ری الیکشن کرانے کا حکم

ہفتہ 6 دسمبر 2014 06:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2014ء)بلوچستان الیکشن ٹریبونل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے فشریز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی اکبر آسکانی کو نادرا کی رپورٹ ملنے کے بعد نااہل قرار دیدیا ہے اور صوبائی حکومت کو حکم دیا ہے کہ اس علاقے میں فوری طور پر الیکشن کرائے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اکرم بلوچ نے الیکشن ٹریبونل میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ 50 کیچ 3 میں 11 مئی 2013ء کو ہونیوالے انتخابات بوگس تھے اور الیکشن کے دوران قانون کی خلاف ورزی کی گئی اکرم بلوچ کی دائر پٹیشن پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے ضلع کیچ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 50کیچ 3پر نیشنل پارٹی کے امیدوار اکرم بلوچ کی عذرداری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے فشریز حاجی اکبر آسکانی کے خلاف نادرا کی جانب سے ووٹوں کی تصدیقی رپورٹ موصول ہونے کے بعد حاجی اکبر آسکانی کو ضلع کیچ کے علاقے اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر50کیچ نمبر3پر کامیاب ہونیوالے حاجی اکبر آسکانی کو نااہل قرار دیا جاتا ہے اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طو رپر اس حلقے میں دوبارہ الیکشن کرائے ۔