لائٹ ویلٹر ویٹ باکسنگ ٹائٹل جیتنے والے عامر خان پنجاب حکومت کی سست روی سے دلبرداشتہ،پاکستان سے بہت پیار ہے مگر یہاں کام بہت سست روی سے ہوتے ہیں، عامر خان ،پاکستان میں میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت صرف انفراسٹرکچر تشکیل دینے کی ہے، میڈیا سے گفتگو،پاکستانی نژاد برطانوی باکسر آج وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض سے ملاقات کرینگے ، داتا دربار پرحاضری بھی دینگے

اتوار 28 دسمبر 2014 08:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2014ء) لائٹ ویلٹر ویٹ باکسنگ ٹائٹل جیتنے والے عامر خان پنجاب حکومت کی سست روی سے دلبرداشتہ ہوگئے ۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نثراد باکسر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بہت پیار ہے مگر یہاں کام بہت سست روی سے ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک سے بہت پیار کرتا ہوں اور یہ کبھی نہیں ہوگا کہ پاکستان آوٴں اور لاہور کی سیر نہ کروں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت صرف انفراسٹرکچر تشکیل دینے کی ہے۔ انٹرنیشنل باکسر کا کہنا تھا کہ اکیڈمی کے قیام سے یہاں کے باکسرز کو تربیت دینا چاہتا ہوں اور اس عمل سے مجھے نہیں پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دورہ پاکستان کے دوران میں نے پنجاب حکومت نے ایم او یو سائن کیا تھا لیکن اب تک اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، باکسنگ اکیڈمی کے قیام سے متعلق آج پھر وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کروں گا۔

انھوں نے پشاور واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بار بار آنے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ یہ ایک پرامن ملک ہے۔پاکستان کے دورے پر آئِے عامر خان آج داتا دربار حاضری دینے کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض سے بھی ملاقات کریں گے۔ لاہور میں دو روز کے قیام کے بعد کل29 دسمبر کو برطانیہ واپس روانہ ہوجائیں گے۔