یہ دکھ بھلایا نہ جائے گا،جرمنی میں جرمن ونگز طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تقریب،جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور صدر یوآخم کی تقریب میں شرکت

ہفتہ 18 اپریل 2015 09:17

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء)جرمنی کے شہر کولون میں گذشتہ روز جرمن ونگز طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا انتہائی جذباتی اور رقت انگیز انداز میں جرمن ونگز طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو یاد کیا گیا۔ اس تقریب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور صدر یوآخم گاوٴک بھی شریک تھے۔ جرمن شہر کولون کے مشہور ترین کلیسا میں گذشتہ روز منعقد ہونے والی اِس مرکزی تقریب میں چودہ سو افراد شریک ہوئے۔

اِن میں اِس فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے پانچ سو سے زائد لواحقین بھی شامل تھے۔ جرمن صدر یوآخم گاوٴک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حادثہ ایک بہت شدیدغم اپنے پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ یوآخم گاوٴک کے بقول، ”اِس حادثے نے کچھ ایسے زخم دیے ہیں، جنہیں اِس دنیا میں تو بھرا نہیں جا سکتا“۔

(جاری ہے)

24 مارچ کو جرمن قومی ایئر لائن لفتھانزا کی ذیلی فضائی کمپنی جرمن ونگز کا A-320 طرز کا ایک طیارہ پہاڑی سلسلے ایلپس کے فرانسیسی حصے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

ہسپانوی شہر بارسلونا سے جرمن شہر ڈسلڈورف آنے والے اِس جہاز میں عملے سمیت ڈیڑھ سو افراد سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک جرمن اسکول کے 16 بچے اور اْن کے دو اساتذہ اور 50 ہسپانوی شہری بھی تھے۔ اِس حادثے کی ذمہ داری معاون پائلٹ آندریاز لْوبِٹس پر عائد کی جا رہی ہے، جس نے دانستہ طور پر طیارے کو پہاڑوں سے جا ٹکرایا تھا۔صدر یوآخم گاوٴک نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد منظر عام پر آنے والی تفصیلات نے درد اور غم میں اور بھی اضافہ کر دیا:”ایک شخص نے اتنے سارے دیگر افراد کو اپنے ساتھ موت کے منہ میں دھکیلا، حالانکہ موت کا انتخاب اْس نے صرف اپنے لیے کیا تھا“۔

انہوں نے مزید کہا کہ غم اور تکلیف کو کم کرنے کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں: ”اِس موقع پر اتنے سارے لوگوں کی موجودگی شاید ہم سب کے درد میں کمی کا باعث بنے۔“تقریب کے دوران اِس حادثے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لیے ایک ایک موم بتی روشن کی گئی تھی۔ اس موقع پر چانسلر انگیلا میرکل کے علاوہ صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی وزیر اعلی ہانالورے کرافٹ بھی موجود تھیں۔

فرانس اور اسپین کے حکومتی نمائندے بھی اس تقریب میں شرکت کرنے کے لیے خصوصی طور پر کولون آئے تھے۔اس یادگاری تقریب کی صدارت کولون کے آرج بشپ کارڈینل رائنر ماریا ووٴلکی اور صوبے کے پروٹسٹنٹ چرچ کی سربراہ انیٹے کرسشاوٴ نے کی۔ اس سے قبل جرمنی، فرانس اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے 13 اپریل کو بارسلونا کے ہوائی اڈے پر منعقد ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں شرکت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :