سری نواسن کی زیر صدارت آئی سی سی کا دوسرا سہ ماہی اجلاس اختتام پذیر، اجلاس میں سری لنکن حکومت کی بورڈ میں مداخلت پر تشویش ظاہر کی گئی، مصطفٰی کمال کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ،ڈھائی ماہ کے لیے عبوری صدر مقرر نہ کرنے کا فیصلہ ،ورلڈ کپ کے شاندار انعقاد پر میزبان ممالک کو بھرپور مبارکباد، آسٹریلیا کو چیمپئن بننے پر تمام ممبران نے مبارکباد پیش کی، مشکوک بولنگ ایکشن کے تحت کارروائی کے نئے طریقہ کار کی منظوری ،بولنگ پر اعتراض اور ٹیسٹ کے نتائج کا درمیانی عرصہ 35سے کم کر کے 24 دن کر دیا گیا، خواتین کرکٹ کے نئے رینکنگ سسٹم کی منظوری، تینوں طرز کی کرکٹ کے نتائج کو ضم کر کے ایک رینکنگ جاری کی جائے گی، اجلاس میں فیصلے

ہفتہ 18 اپریل 2015 08:49

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء)آئی سی سی بورڈ کا دوسرا سہ ماہی اجلاس دبئی ہیڈ کوارٹر میں ختم ہوگیا۔ اجلاس میں سری لنکن حکومت کی بورڈ میں مداخلت پر تشویش ظاہر کی گئی۔ مصطفٰی کمال کا استعفیٰمنظور کر لیا گیا لیکن ڈھائی ماہ کے لیے عبوری صدر مقرر نہ کرنے کا فیصلہ ہوا۔دبئی ہیڈ کوارٹر میں آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا دوسرا سہ ماہی اجلاس ختم ہوگیا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین سری نواسن نے کی۔ ممبران نے سری لنکا کرکٹ بورڈ میں حکومت کی مداخلت پر تشویش ظاہر کی۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق کرکٹ بورڈز خود مختار ہوتے ہیں۔ ان کے عہدیدار شفاف انتخابات کے ذریعے ہی چنے جاتے ہیں۔ آئی سی سی نے معاملہ گورننس ریویو کمیٹی کے سپرد کردیا جو سری لنکا کے وزیر کھیل کو خط لکھ کر بورڈ امور میں حکومتی مداخلت کی وضاحت طلب کرے گی۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر مصطفیٰ کمال کا استعفیٰ منظورکرلیا گیا لیکن ڈھائی ماہ کے لیے عارضی صدر کی تقرری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نامزد صدر نجم سیٹھی یکم جولائی سے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ اجلاس میں ورلڈ کپ کے شاندار انعقاد پر میزبان ممالک کو بھرپور مبارکباد دی گئی۔ آسٹریلیا کو چیمپئن بننے پر تمام ممبران نے مبارکباد پیش کی۔اجلاس میں مشکوک بولنگ ایکشن کے تحت کارروائی کے نئے طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت بولنگ پر اعتراض اور ٹیسٹ کے نتائج کا درمیانی عرصہ پینتیس سے کم کر کے چوبیس دن کر دیا گیا۔ خواتین کرکٹ کے نئے رینکنگ سسٹم کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت تینوں طرز کی کرکٹ کے نتائج کو ضم کر کے ایک رینکنگ جاری کی جائے گی۔3