ہولوکاسٹ پر بیان، امریکا نے پولینڈ سے معذرت کرلی

منگل 21 اپریل 2015 07:58

وارسا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں تعینات امریکا کے سفیر نے ہولوکاسٹ کے بارے میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے بیان پر پولش حکام کے احتجاج کے بعد معافی مانگ لی ہے۔امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی نے اپنے ایک مضمون میں کہا تھا کہ ہولوکاسٹ کے لئے جرمنی کے ساتھ پولینڈ کے لوگ بھی ذمہ دار ہیں۔

ان کے اس بیان پر پولینڈ میں طوفان برپا ہو گیا اور پولینڈ کے صدر برونسلا کومورووسکی نے اس پر تنقید کرتے ہوئے ہوئے اسے پولینڈ کی توہین قرار دیا۔ پولینڈ نے امریکی سفیر کو طلب کرکے باضابطہ شکایت درج کی تھی۔ خیال رہے کہ جیمز کومی نے امریکی اخبار میں شائع اپنے مضمون میں لکھا تھا کہ جرمنی، پولینڈ اور ہنگری اور بہت سے دوسرے مختلف جگہوں کے قاتل اور ان کے شریک کاروں کا خیال ہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا یہ یقین تھا کہ انھوں نے جو کیا وہ درست چیز تھی۔ امریکی سفیر سٹیفن مل نے پولینڈ کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہولوکاسٹ کے لئے صرف اور صرف نازی ذمہ دار ہیں جس کے نتیجے میں دوسری جنگ عظیم کے دوران یورپ بھر میں 60 لاکھ یہودیوں کا قتل ہوا۔ جیمز کومی نے اپنے مضمون میں ہولوکاسٹ کے متعلق جو باتیں لکھیں اس پر پولینڈ میں زبردست احتجاج ہوا۔

انھوں نے کہا کہ میں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہولوکاسٹ کے لئے پولینڈ کسی طرح بھی ذمہ دار نہیں ہے جیسے خیالات امریکا کا موقف نہیں۔ انھوں نے پولش زبان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے تنہا نازی جرمنی ذمہ دار ہے۔اس بارے میں مجھے بہت سے کام ہیں اور بہت سی چیزوں کو درست کرنا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس مضمون کا وسیع پیغام یہ تھا کہ بہت سے لوگوں نے یا تو نازیوں کا ساتھ دیا یا پھر ظلم کے خلاف بشمول امریکا بہت کچھ نہیں کیا۔