یمن ، سعودی اتحادی فوج کی فضائی کارروائی جاری، جھڑپوں میں 85افراد ہلاک،ہتھیار نہیں ڈالیں گے، باغیوں کا اعلان

منگل 21 اپریل 2015 07:59

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء) یمن پر سعودی اتحادی فوج کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، باغیوں اور مقامی قبائلیوں کے درمیان جھڑپوں میں مزید 85افراد مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب باغیوں کے رہنما کا کہنا ہے کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے عسکری اور طبی ذرائع سے بتایا کہ سعودی اتحادی فوج کی بم باری اور یمن میں حوثی باغیوں اور مقامی قبائلیوں کے درمیان جاری لڑائی میں مزید 85افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے، شدید ترین لڑائی عدن کے شمالی علاقے دالے میں ہوئی جہاں جھڑپوں میں 41حوثی باغی اور 17قبائلی ہلاک ہوئے، جبکہ تعز شہر میں 10، شبوہ صوبے میں 11، عدن میں 11حوثی باغی مارے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں جاری لڑائی اور بم باری کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دوسرے علاقوں کی جانب نقل مکانی کرچکے ہیں۔ دوسری جانب حوثی باغیوں کے رہنما عبد المالک الحوثی نے کہا ہے کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے، انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو بھی غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :