اولمپک 2016: آئی او سی کا تیاریوں پر اظہار اطمینان

بدھ 13 مئی 2015 07:42

ساؤ پولو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء)انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی نے اگلے سال برازیل میں ہونے والے ریو اولمپک گیمز کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے عہدیداروں نے ریو اولمپک سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا جس کے بعد تیاریوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔ اولمپک کمیٹی کے رابطہ کمیشن کے سر براہ نوال المتوکل نے کہا کہ ریو سینٹر کی تیاریاں تسلی بخش ہیں اور اس میں پچھلے سال مارچ میں ہمارے دورے کے بعد بہت ترقی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں اطمینان ہے کہ برازیلی حکام سخت شیڈول کے باوجود ترقیاتی کام بروقت مکمل کرلیں گے اور میگا ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کرکے اپنا انتخاب درست ثابت کردیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں برس جون اور جولائی میں برازیل کے بارہ مختلف شہروں میں فٹ بال ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اولمپک کمیٹی گیمز کے حوالے سے مطمئن ہے۔ ان کھیلوں کے انعقاد اور کھیلوں کے سینٹر میں بھی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے جبکہ مین اسٹیڈیم میں بھی تر قیاتی کام تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔