نئی عالمی ٹینس رینکنگ جاری، سرینا ولیمز، جوکووچ سرفہرست، رافیل نڈال تین درجے تنزلی سے ساتویں نمبر پر چلے گئے۔ ہسپانوی اسٹار کی یہ دس سال میں سب سے بدترین رینکنگ ہے

بدھ 13 مئی 2015 07:42

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء)میڈرڈ اوپن کے فائنل میں شکست کے بعد رافیل نڈال تین درجے تنزلی سے ساتویں نمبر پر چلے گئے۔ ہسپانوی اسٹار کی یہ دس سال میں سب سے بدترین رینکنگ ہے۔ سربیا کے نوواک جوکووچ پہلی پوزیشن لینے میں کامیاب ہوگئے۔عالمی ٹینس کی نئی رینکنگ کے مطابق سربیا کے نوواک جوکووچ تیرہ ہزار آٹھ سو پینتالیس پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن لینے میں کامیاب ہو گئے۔

سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر آٹھ ہزار چھ سو پینتالیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ برطانیہ کے اینڈی مرے سات ہزار ایک سو تیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔کینیڈا کے مائلوس راوٴنک اور جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے دو، دو درجے ترقی پا کر بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

جاپان کے کائی نیشیکوری بھی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

اسپین کے ڈیوڈ فیرر آٹھویں، سوئٹزر لینڈ کے واورنکا نویں اور کروشیا کے مارین سیلچ دسویں نمبر پر ہیں۔خواتین میں امریکا کی سرینا ولیمز کا راج جاری ہے۔ میڈرڈ اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کے باوجود سرینا ولیمز کو ٹاپ پوزیشن سے کوئی نہیں ہلاسکا۔ وہ دو ہزار ایک سو چھپن پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ رومانیہ کی سمونا ہیلپ سات ہزار ایک سو پندرہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور روس کی ماریا شراپووا چھ ہزار نو سو پندرہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا چوتھے، ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی پانچویں، کینیڈا کی ایگینی بوچارڈ چھٹے اور سربیا کی اینا آئیوانووچ ساتویں نمبر پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :