سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کے مزید 8 چیرمینوں کا انتخاب ،جے یوآئی ،ایم کیو ایم کے دو ،دو،تحریک انصاف، پیپلز پارٹی مسلم لیگ ف اور عوامی جمہوری اتحاد کا ایک ایک رکن چیرمین منتخب

بدھ 13 مئی 2015 07:43

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء) سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کے انتخابات دوسرے روز بھی جاری مزید 8کمیٹیوں کے چیرمین منتخب ۔جے یوآئی کے دو ایم کیو ایم کے دو تحریک انصاف پیپلز پارٹی مسلم لیگ فنکشنل اور عوامی جمہوری اتحاد کا ایک ایک رکن چیرمین منتخب ہوگئے ۔قائمہ کمیٹیوں کے انتخابات کے موقع پر قائدایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا ،پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی بھی موجود رہے۔

قائمہ کمیٹی کیبنٹ سیکرٹریٹ کیلئے سینیٹر محمد طلحہ محمود کا نام سینیٹر رحمان ملک نے تجویز کیا جس کی تائیدسینیٹر یوسف بادینی نے کی سینیٹرز سیف اللہ بنگش ، کلثوم پروین، نجمہ حمیدنے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ ممبران کی مشاورت سے ملک و قوم کی خدمات کے فیصلے کیے جائیں گے ۔سینیٹر یوسف بادینی نے کہا کہ کیبنٹ سیکرٹریٹ اور متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔

قائمہ کمیٹی مذہبی امور کیلئے سینیٹر محمد صالح شاہ نے سینیٹر حافظ حمد اللہ کا نام چیئرمین کیلئے پیش کیا جس کی تائید سینیٹر لطیف انصاری نے کی ۔سینیٹر ز تنویر الحق تھانوی ، ڈاکٹر اشوک کمار ، پروفیسر ساجد میر، حمزہ ،گیان چند نے شرکت کی ۔مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ مذہبی امور کمیٹی انتہائی اہم کمیٹی ہے ملک میں مذہبی رواداری اور تمام مذاہب اور فرقوں کا احترام بڑھانے میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

قائمہ کمیٹی کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے چیئرمین کیلئے نام سینیٹر تنویر الحق تھانوی نے تجویز کیا جس کی تائید سینیٹر نثار محمد نے کی ۔سینیٹر نثار محمد نے کہا کہ اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر میں پسماندگی کے خاتمے کی کوششیں کرنی ہونگی اور وفاقی وزارتوں کی کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف توجہ دلانا ہوگی۔سینیٹر گیان چند کی تجویز پر ضلع تھر پارکر کے مسائل کے حل کے لئے آئندہ اجلاس میں پہلا ایجنڈا رکھنے کافیصلہ ہوا چیئرمین کمیٹی عثمان خان کاکٹرنے کہا کہ بجٹ اجلاس سے قبل پسماند ہ علاقوں کے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیلئے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

سینیٹرز محمد صالح شاہ ، روبینہ عرفان ،خالد پروین،گیان چند ، نے شرکت کی ۔قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکورٹی کے چیئرمین کیلئے سینیٹر محسن خان لغاری نے سینیٹر مظفر شاہ کا نام تجویز کیا جس کی تائید سینیٹر لطیف انصاری نے کی سینیٹرز گل بشریٰ ، نجمہ حمید ، مختیار احمد دھامرا ، موجود تھے۔چیئرمین سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ زراعت کی ترقی بیج کھاد اور فصلوں کی بہتر قیمت کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے سینیٹر محسن خان لغاری نے کہا کہ پانی کے بغیر زراعت کی ترقی ناممکن ہے پنجاب اور سندھ کے نہری نظام کی بحالی کے اقدامات کرنے ہونگے ۔

سینیٹر حافظ حمد اللہ اور سینیٹر سید مظفر حسین شاہ قائمہ کمیٹیوں کے دوبارہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل و انڈسٹری کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز منتخب کیے گئے ان کا نام سینیٹر سردار فتح محمد محمد حسنی نے تجویزکیا جبکہ سینیٹر مسز خوش بخت شجاعت نے تائید کی ۔ قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسائل و انڈسٹری کے نو منتخب چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ میں مختلف بورڈ میں کام کر چکا ہوں اور میری بھرپور کوشش ہوگی کہ تمام ممبران کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے ملک و قوم خوشحالی کی طرف گامزن ہو سکیں ۔

ملک کی 50 فیصد آبادی اس شعبے سے منسلک ہے اور اس شعبے کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے تمام سینئر ممبران کے تجربات سے فائد اٹھاتے ہوئے ان مسائل کو ملکر حل کیا جائے گا ۔کمیٹی کے اجلاس میں سردار فتح محمد محمد حسنی ، مسز خو ش بخت شجاعت اور غوث محمد خان نیازی نے شرکت کی اراکین کمیٹی نے بھی چیئرمین کمیٹی کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے سب ملکر کام کریں گے ۔

قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے اجلاس میں سینیٹر سعید غنی نے کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر سینیٹر کرنل (ر)سید طاہر حسین مشہدی کا نام تجویز کیا اور سینیٹر آغا شہباز خان درانی نے تائید کی ۔چیئرمین کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات سینیٹر کرنل (ر)سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ نہایت اہم کمیٹی ہے اور ملک اس وقت اہم تبدیلی کے دور سے گزررہا ہے اراکین کمیٹی کے ساتھ ملکر ایسی اصلاحات لائی جائیں گئیں جن کی بدولت ملک میں خوشحالی آئے گی ۔

اراکین کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس جلد سے جلد بلایا جائے اور اس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی جائے ۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز حاصل خان بزنجو، آغا شہباز درانی ، محمد جاوید عباسی، سعید غنی ، عبدالطیف انصاری اور ڈاکٹر کریم احمد خواجہ نے شرکت کی ۔قائمہ کمیٹی برائے جہاز رانی و بندرگاہ کے چیئرمین سینیٹر محمد علی خان سیف منتخب ہوئے ان کا نام سینیٹر محمد داؤد خان اچکزئی نے تجویز کیا اور باقی تمام ممبران نے ان کے نام کی تائید کی ۔

اراکین کمیٹی نے چیئرمین کمیٹی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نہایت اہم کمیٹی ہے اور اس شعبے کے مسائل کے حل کے لئے تمام اراکین کا ساتھ چاہیے ہوگا اور مل کر ایسی حکمت عملی اپنائی جائے گی جس سے جہاز رانی و بندگاہ کے شعبوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے گا۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر زمحمد داؤد خان اچکزئی ، حاصل خان بزنجو، مسز روبینہ عرفان ،آغا شہباز درانی ،نہال ہاشمی ، مسز نزہت صادق ، تاج حیدر اور محمد علی خان سیف نے شرکت کی ۔

سینیٹ کی 8 ویں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و منشیات کنٹرول کے اجلاس میں سینیٹر چوہدری تنویر اقبال نے کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر سینیٹر رحمان ملک کا نام تجویز کیا جبکہ سینیٹر مختار احمد دھامرا اور سینیٹر سلیم ضیاء نے ان کے نام کی تائید کی ۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ملک اس وقت دہشت گردی و دیگر سیکورٹی مسائل میں گرا ہوا ہے اور تمام اراکین کمیٹی کے ساتھ ملکر ایسی حکمت عملی اپنائیں گے کہ ملک میں سیکورٹی کے مسائل ختم ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہیں اور اس حوالے سے تمام اراکین ملکر کام کریں گے تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے ۔انہوں نے اسی ماہ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا جس میں سیکرٹری داخلہ سے سیکورٹی معاملات ، نیشنل ایکشن پلان پر تفصلی بریفنگ حاصل کی جائے اور چیئرمین نادرا سے بلاک کیے جائے والے شناختی کارڈز اور دیگر معاملات پر تفصلی بریفنگ حاصل کی جائے گی ۔

اراکین کمیٹی نے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کو داخلی امور میں تجربہ حاصل ہے اور آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کو دہشت گردی و دیگر سیکورٹی مسائل کے نکالنے میں مدد ملے گی ۔یاد رہے کہ سینیٹ کی 34 کمیٹیوں کے سربراہان کے انتخابات کے حوالے سے 12 کمیٹیوں کے سربراہان کا انتخاب آج مکمل ہو گیا ہے