برٹش اوپن اسکواش: پاکستانی کھلاڑی ابتدائی مرحلوں میں ہی باہر

بدھ 13 مئی 2015 07:42

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء)ریکارڈ تیس بار برٹش اوپن ٹائٹل جیتنے والے ملک پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی رواں ایونٹ کے مین راوٴنڈ میں نہیں پہنچ سکا۔ قومی نمبر ایک ناصر اقبال ایک فتح کے بعد کوالیفائنگ فائنل میں ہار گئے۔ فرحان زمان ابتدائی آزمائش میں ہی باہر ہوگئے۔ورلڈ اوپن کے بعد دنیائے اسکواش کے سب سے بڑے ایونٹ برٹش اوپن میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔

آخری بار انیس سو ستانوے میں جان شیر خان نے ٹائٹل جیتا اور اگلے ہی برس فائنل میں ہارنے کے بعد کھیل کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ اس کے بعد اب تک کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی نہیں حاصل کرسکا۔ دس بار چیمپئن کا اعزاز اب بھی پاکستان کے سابق سپر اسٹار جہانگیر خان کے پاس ہے۔

(جاری ہے)

کوالیفائنگ راوٴنڈ میں ٹاپ دو پاکستانیوں نے شرکت کی۔

نمبر دو فرحان زمان ابتدائی میچ میں انگلش ٹوم رچرڈ کے ہاتھوں تین ایک سے ہار گئے۔ قومی نمبر ون ناصر اقبال نے ابتدائی میچ میں عالمی رینکنگ میں ایک سو ساٹھویں نمبر کے کھلاڑی انگلش ایشلے ڈیوس کو پینتالیس منٹ کی جدوجہد میں تین ایک سے قابو کیا۔کوالیفائنگ فائنل میں ورلڈ نمبر پینتالیس قومی پلیئر کا مقابلہ مصر کے صرف سات درجے بہتر رینک کھلاڑی محمد ابوالغیر سے تھا جنہوں نے انتالیس منٹ میں انہیں تین ایک سے ہراتے ہوئے مین مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔