جاوید ہاشمی کا صوبائی ا سمبلی کے حلقے پی پی 196 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان، تحریک انصاف کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں، عمران خان بادشاہت ختم کر کے ملک میں شہنشاہیت لانا چاہتے ہیں، عوام نے عمران کی دوغلی پالیسیوں کا راستہ روک دیا،جاوید ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 17 مئی 2015 07:31

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2015ء)سینئر بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی نے صوبائی ا سمبلی کے حلقے پی پی 196 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں عمران خان بادشاہت ختم کر کے ملک میں شہنشاہیت لانا چاہتے ہیں۔ عوام نے عمران کی دوغلی پالیسیوں کا راستہ روک دیا ہے کل کے جلسے میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی بوکھلاہٹ کا شکار تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور پی پی 196 کے امیدوار رانا محمود الحسن سے ملاقات کے بعد حمایت کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے پرانے تعلقات وابستہ ہیں مسلم لیگ میں رہ کر ملتان شہر کی خدمت کی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب بھر میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کئے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف سے ملتان شہر کے لئے ایک کالج کی ڈیمانڈ کی تھی انہوں نے 6 کالج بنا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کو بری طرح شکست ہو گی اور ن لیگ کے امیدوار کو واضح برتری حاصل ہو گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے لئے عمران خان کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی گارنٹی کو مان لینا چاہئے تھا انکار کر کے درست فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا چیف جسٹس ہمارا اپنا چیف جسٹس ہے جوڈیشل کمیشن بن گیا تو ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کی خالی ہونے والی سینٹ کی نشست پر ن لیگ کی جانب سے کوئی آفر نہیں آئی اگر وزیراعظم نواز شریف نے سینٹ کے لئے نامزد کیا تو مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں صرف میوزیکل پروگرام ہے اور اس کو بھی ہواؤں نے روک دیا ہے۔ ضمنی الیکشن میں پہلی بار تحریک انصاف نے گھونگھٹ پہن کر میرے خلاف الیکشن لڑا لیکن اب تحریک انصاف گھونگھٹ سے باہر نکل آئی ہے اور انکو شکست سے دو چار ہونا پڑے گا۔