چین اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات،ملاقات میں ”انسانی حقوق، آزادی صحافت، ایران سے مذاکرات، ماحولیاتی تبدیلی اور جنوبی بحیرہ چین“پر توجہ مرکوز رہی،جان کیری ،اپنی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کا عزم ،چٹان کی طرح مضبوط اور غیر متزلزل ہے،وانگ یی

اتوار 17 مئی 2015 07:48

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2015ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کو بتایا ہے کہ بیجنگ اپنی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کا عزم "چٹان کی طرح مضبوط اور غیر متزلزل ہے"۔ یہ بیان دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہفتہ کو بیجنگ میں تجارت، شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور جنوبی بحیرہ چین کے تنازعات پر ہونے والی تفصیلی بات چیت کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سامنے آیا۔

امریکی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے محکمہ دفاع نے جنوبی بحیرہ چین میں آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے فوجی کشتیوں اور جہازوں کو بھیجنے پر غور کیا تھا۔ اس پر چین کی وزارت خارجہ نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے اشتعال انگیزی تصور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وانگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کو دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔

انھوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی برآمدات پر پابندیوں میں نرمی کرے۔ ملاقات کے بعد جان کیری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ "امریکہ اور چین کے مابین سنجیدہ علاقوامی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے سے متعلق وانگ کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا۔" ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں "انسانی حقوق، آزادی صحافت، ایران سے مذاکرات، ماحولیاتی تبدیلی اور جنوبی بحیرہ چین" پر توجہ مرکوز رہی۔جان کیری اتوار کو چین کے صدر شی جنپنگ سے ملاقات کریں گے۔ جس ے بعد وہ صدر پارک گیون ہئی سے بات چیت کے لیے جنوبی کوریا روانہ ہوں گے۔