2018تک شرح ترقی میں 8فیصد تک اضافے کا ہدف ،20لاکھ نوجوانوں کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا جائیگا،پنجاب ترقیاتی حکمت عملی 2018 کا اعلان ،40لاکھ معیاری روز گار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے،شہبازشریف ، پنجاب کی برآمدات میں سالانہ 15فیصد اضافہ کیا جائیگا، 2018 تک نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کا ہدف 17.5ارب ڈالر مقرر کیا گیاہے،طے کردہ ترقیاتی حکمت عملی پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائیگا،مقررکردہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے دن رات ایک کر دینگے، جمہوریت عوام کی خدمت اور عوام کو خدمات کی فراہمی کا نام ہے،وزیراعلیٰ کا پنجاب ترقیاتی حکمت عملی 2018کی افتتاحی تقریب سے خطاب ، شہبازشریف کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے ترقی کے شاہکار کھڑے کئے ہیں اور تیز رفتاری ،اعلیٰ معیاراور شفافیت سے منصوبے مکمل کئے ہیں :احسن اقبال

اتوار 17 مئی 2015 07:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2018تک پنجاب میں شرح ترقی میں 8فیصد تک اضافے کا ہدف حاصل کیا جائے گا اور صوبے کی معیشت کا حجم بڑھایا جائے گا- 40لاکھ معیاری روز گار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے- صوبے میں 20لاکھ نوجوانو ں کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف فنون کی تربیت دی جائے گی-پنجاب کی برآمدات میں ہر سال 15فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ 2018 تک پنجاب میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کا ہدف 17.

(جاری ہے)

5ارب ڈالر مقرر کیا گیاہے-طے کردہ ترقیاتی حکمت عملی پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے گا اور مقررکردہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے دن رات ایک کر دیں گے -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روزایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب گروتھ سٹریٹجی2018 (Punjab Growth Strategy )کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال ، صوبائی وزیر خزانہ مجبتی شجاع الرحمن، مشیر اقتصادی امورڈاکٹر اعجاز نبی ، یونیسف او رڈیفڈ اور دیگر ڈونرز ایجنسیوں کے نمائندوں نے تقریب سے خطاب کیا-چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات عرفان الہیٰ نے پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 کے مختلف خدوخال پر تفصیلی روشنی ڈالی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج پنجاب کی تاریخ کاایک اہم دن ہے جب ہم صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی پر غور و خوص کے لئے جمع ہیں -محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی ٹیم نے ماہرین معیشت کی مشاورت سے بہترین ترقیاتی حکمت عملی مرتب کی ہے تاہم معاشرے کے عام آدمی کو تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی منصوبہ بندی کئے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول بے معنی ہے -انہوں نے کہاکہ انرجی سیکٹر ، ایکسپور ٹ بڑھانے اور مینوفیکچر نگ شعبے کے بارے میں پلاننگ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ہر بچے کو زیو رتعلیم سے آراستہ کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرنا ہوگی-ماہرین معیشت ایسی پالیسی مرتب کرنے میں تعاون فراہم کریں جس میں نوجوانوں پر مشتمل ملک کی 60فیصد آبادی، خواتین اور اقلیتوں کی ترقی کے بارے میں رہنمائی موجود ہو اور انہیں حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جا سکے-انہوں نے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے او رہمیں نوجوانوں کے چیلنج کو مواقع میں بدلنے کے لئے پلاننگ کرناہے اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپناناہے-نوجوانو ں کو با اختیار اور روز گار کے مواقع فراہم کئے بغیر ہماری تمام منصوبہ بندی بے سود ہوگی-انہوں نے کہاکہ ہمیں مل کر اس چیلنج سے نمٹنا ہے اگر ہم اس چیلنج کو مواقع میں بدلنے میں کامیاب ہوں گے تو پنجاب اور ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے او ریہی ہماری گروتھ سٹریٹجی کا اہم جزہونا چاہیے- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے موثر اقدامات کئے ہیں ،ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں بچے او ر بچیوں کو ہنرمند بنایا جا چکاہے - تعلیم او رصحت کے شعبے میں بھی انقلابی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں-انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے تعلیمی فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ ایسے ذہین بچے اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں جن کے والدین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل نہیں رکھتے-انہوں نے کہاکہ سابق وفاقی حکومت نے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ شروع کیا اس میں نقائص او رکرپشن تھی جس کی وجہ سے ہمیں اس منصوبے کو بند کرنا پڑا-موجود حکومت نے صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے صاف پانی پراجیکٹ شروع کیاہے جس کے لئے صوبے بھر میں ماہرین کی نگرانی میں سروے کرایا گیا ہے جس کی روشنی میں اس منصوبے کو آگے بڑھایا جا رہاہے-انہوں نے کہاکہ جمہوریت عوام کی خدمت اور عوام کو خدمات کی فراہمی کا نام ہے-عام آدمی کو بلا امتیاز سماجی انصاف کی فراہمی ،تعلیم، صحت ، روز گاراور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بغیر جمہوریت کے تقاضے پورے نہیں کئے جا سکتے-پنجاب کی حکومت خدمت خلق ا ورعوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہت سے ممالک جو ترقی کے لحاظ سے ہم سے پیچھے تھے وہ آج کہیں آگے نکل چکے ہیں -جنوبی کوریا پاکستان کے 5سالہ ترقیاتی منصوبے کے بلیوپرنٹ پر عمل کر کے آج ترقی کی منازل طے کر چکا ہے -ہم سے بعد میں آزادہونے والاملک چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے-انہوں نے کہاکہ ہم چین کے کے مشکو رہیں جس نے مشکل گھڑی میں ہمارا ہاتھ تھاماہے او رپاکستان کی ترقی کے لئے 46ارب ڈالر کا تاریخی اقتصادی پیکیج دیاہے جس میں 30ارب ڈالر سے زائد توانائی سیکٹرکے لئے ہیں -انہوں نے کہاکہ چین نے محنت ،جدوجہد اور انتھک کاوشوں سے بے مثال ترقی کی ہے او راس کے زرمبادلہ کے ذخائر 4ٹریلین کے قریب ہیں جبکہ ہم آج بھی دہشت گردی ،توانائی بحران ، کرپشن ، اقربا پروری اور لوٹ مار جیسے مسائل سے دوچار ہیں-انہوں نے کہاکہ پاکستان زرعی ملک ہے او ردنیا کاچوتھا بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک ہے اس کے باوجود ہم زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام ہیں-پاکستان مشرق وسطی کے لئے گرین باسکٹ کی حیثیت رکھتا ہے لیکن ہم اس سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکے-اس کی بنیادی وجہ ہماری منصوبہ بندی کی کمز وریا ں ہیں-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت 2013کے انتخابات کے بعد سے ترقیاتی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے -بے وقت کے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست نے ترقی کا سفر روکا اور ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پیدا کی تاہم پنجاب حکومت نے ترقیاتی حکمت عملی 2018 مرتب کی ہے جس پر ڈاکٹر اعجاز نبی ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات او ران کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے -انہوں نے کہاکہ ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتو ں سے فائدہ اٹھانے کے لئے اقدامات کرناہیں اور اس کو اپنی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جز بناناہے-وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف او ران کی ٹیم ترقیاتی حکمت عملی 2018مرتب کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے-پنجاب حکومت نے بروقت گروتھ سٹریٹجی مرتب کی ہے او ردوسرے صوبے بھی اس جانب قدم اٹھائیں گے تو وفاقی حکومت پوری سپورٹ کرے گی کیونکہ ہم وفاق کی مضبوطی اور قومی یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں -پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2018 وژن 2025سے مطابقت رکھتی ہے -انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شہبازشریف کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے صوبے میں ترقی کے شاہکار کھڑے کئے ہیں اور ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری ،اعلیٰ معیاراور شفاف طریقے سے مکمل کر کے اعلیٰ مثال قائم کی ہے جس کی روشنی میں یہ قوی امید کی جا سکتی ہے کہ پنجاب حکومت ترقیاتی حکمت عملی 2018کے اہداف حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو گی-ڈیفڈ ، یونیسف او ردیگر ڈونرزاداروں کے نمائندوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی سماجی ، معاشی اور اقتصادی ترقی کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بے مثال ترقی کی ہے اورحکومت کے اقدامات نے عوام کی زندگی بدل کررکھ دی ہے-پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔