ایف بی آ ر کا آئندہ مالی سال کے دورا ن ٹیکس دہندگان پر مزید بو جھ نہ ڈالنے کا فیصلہ ، آئندہ برس 0.6 فیصد اضافی ٹیکس وصول کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ مجموعی ٹیکس کی مد میں 3.1 ٹریلین کی اضافی رقم اکٹھی کی جائے گی، ٹیکس دہندگان پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا،چیئرمین ایف بی آ ر

جمعہ 22 مئی 2015 06:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2015ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق باجوہ کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کی ٹیکس حکمت عملی کے مطابق ٹیکس دہندگان پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ان کو مزید کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز حکومتی اقتصادی ماہرین نے پارلیمنٹیرین پینل کو آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مختص کی گئی رقم 3.1 ٹریلین پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہوں نے تجویز دی کہ آئندہ مالی سال میں معاشی ترقی کے اہداف کو مزید 5.5 فیصد تک بڑھایا جائے گا جو کہ گزشتہ سال کے نظر ثانی تخمینے کے 4.2 فیصد سے زیادہ ہو گا۔

بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی میں اضافے کیلئے آئندہ برس ایف بی آر 0.6 فیصد اضافی ٹیکس کو موصول کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی بنا پر مجموعی ٹیکس کے ہدف کو گزشتہ سال کی آمدنی سے 19 فیصد زیادہ یعنی کہ 3.1 ٹریلین کی اضافی رقم اکٹھی کی جائے گی تاہم اس مد میں ٹیکس دہندگان پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ خزانہ ریونیو کے ماہرین نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سامنے اگلے سال کے بجٹ اور تین سالہ درمیانی مدت کے میکرو اکنامک فریم ورک کے اہم اشارے دیئے اس موقع پر سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بے گھر افراد کی بحالی اور سیکیورٹی کی بہتری کیلئے اس سال 100 ملین روپے اضافی خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالیاتی سال کے بجٹ جو 5 جون کو پیش کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے حکمت عملی کی رسمی منظوری کے لئے 26 مئی کو ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے خسارے کی مد جی ڈی پی کا 4.3 فیصد مقرر کیا جائے گا جس کا 0.3 فیصد یعنی کہ 100 ملین روپے بے گھر افراد کی بحالی اور سیکیورٹی کی بہتری پر استعمال کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت پہلے ہی ضرب عضب اور بے گھر افراد کی بحالی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 30 سے 35 ملین روپے خرچ کر چکی ہے اسکولوں اور کالجز کی تعمیر نو اور صحت کے مراکز کی بہتری کیلئے 3 ملین روپے مزید خرچ کرے گی انہوں نے دیگر اہم ترقیاتی کاموں کی حکمت عملی کے بارے میں معاملات پر بھی پارلیمنٹیرین پینل کو بریفنگ دی۔