پاکستان اورزمبابوبے کے ما بین پہلا ٹی 20 آج کھیلا جا ئے گا ، سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ قذافی سٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں سات بجے شروع ہو گا،پاکستان اور زمبابوے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونما ئی،کپتان کی ذمہ داری پوری طرح نبھاؤں گا اور ہم سب مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے‘ شعیب ملک اور عمر اکمل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے‘ شاہد آفریدی،ورلڈ کپ کا فارمیٹ بالکل مختلف ہوتا ہے‘ ہمارے کھلاڑی بھی باصلاحیت ہیں اور وہ جیت کے جذبے کے ساتھ کھیلنے آئے ہیں‘ یہ سیریز ہماری زندگی کا بہت اچھا موقع ہے، ایلٹن چگمبورہ

جمعہ 22 مئی 2015 06:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2015ء) قومی شاہین 6 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر پرواز کرنے کو تیار ہوگئے ، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا افتتاحی ٹی 20 معرکہ آج لگے گا۔ چھ سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔ زمبابوے نے قدم بڑھایا اور قذافی سٹیڈیم کی رونقیں بحال کر دیں۔ مہمان ٹیم زمبابوے اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے قذافی سٹیڈیم لاہورمیں مدمقابل ہوں گی۔ پہلی بار عوام قومی ہیروز کو ہوم گراوٴنڈ میں پرفارم کرتا دیکھیں گے۔ زمبابوے نے ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے دو دن بھرپور پریکٹس کی۔ کنڈیشنز سے ایڈجسٹ ہونے کیلئے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں نے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ کی تیاری کیلئے کمر کس لی،دونوں کپتان آج سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔

پولیس کی سخت ترین اسکیورٹی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کی فلڈ لائٹس میں دوسرے روز زمبا بوے ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔پلئیرز نے فزیکل ٹریننگ کے علاوہ فیلڈنگ ، بیٹنگ اور باوٴلنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔دوسری جانب ہیڈ کوچ وقار یونس کی نگرانی میں گرین شرٹس نے بھی بھرپور ٹریننگ کی۔جبکہ نوبیاہتا دولہا سرفراز احمد ٹیم کو جمعرات کو جوائن کریں گے۔

ادھرپاکستان اور زمبابوے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں کر دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبورہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے میری کپتانی میں 6 سال بعد دوبارہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہو رہی ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کپتان کی ذمہ داری پوری طرح نبھاؤں گا اور ہم سب مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب ملک اور عمر اکمل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ورلڈ کپ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں سلیکٹرز سے کہوں گا کہ وہ ورلڈ کپ سے تین ماہ قبل ایسی ٹیم منتخب کریں جس میں تبدیلی نہ کی جا سکے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو انڈر ایسٹیمیٹ نہیں کرنا چاہئے۔ میں ہارنے سے نہیں ڈرتا۔ چیلنج کے طور پر سب کو مل کر کھیلنا ہوگا۔ سعید اجمل کی کرکٹ کے بارے میں تو وہ خود ہی بتا سکتا ہے۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کافی دیر سے خدمات انجام دے رہے ہیں اب چانس مل رہا ہے ان کو بہتر کارکردگی دکھانے کا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کو پاکستان لانے میں چیئرمین پی سی بی شہریار ایم خان کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

بعد ازاں زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورہ نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے علاوہ تمام انتظامات بہت بہتر ہیں لیکن جمعہ کے روز سے ہماری تمام تر توجہ کرکٹ کی گیم پر ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا فارمیٹ بالکل مختلف ہوتا ہے۔ ہمارے کھلاڑی بھی باصلاحیت ہیں اور وہ جیت کے جذبے کے ساتھ کھیلنے آئے ہیں۔ یہ سیریز ہماری زندگی کا بہت اچھا موقع ہے۔ موسم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے روز تھوڑا محسوس ہوا تھا لیکن اب ہم موسم کے ساتھ ایڈجسٹ کر رہے ہیں اور یہی پروفیشنلز کی نشانی ہوتی ہے۔