روس داعش کے خلاف جنگ میں تعاون کرے،حیدرالعبادی، دہشت گردی سے عراق ہی نہیں پڑوسی ممالک کو بھی خطرہ لاحق ہے،روسی وزیراعظم سے گفتگو

جمعہ 22 مئی 2015 06:49

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2015ء)عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے روس سے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف جنگ میں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔وہ جمعرات کے روز روس کے دورے کے آغاز میں ماسکو پہنچے اور انھوں نے اپنے ہم منصب دمتری مید ویدیف سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے روسی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے صرف عراق ہی نہیں بلکہ پڑوسی ممالک کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی نئی شکلیں اختیار کررہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اب روس کو بھی اس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سے اس معاملے میں مزید فعال تعاون کی امید کررہے ہیں۔کریملن کے ترجمان دمتری پسکوف کے مطابق عراقی وزیراعظم آج صدر ولادی میر پوتین سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔حیدر العبادی گذشتہ اتوار کو داعش کے الرمادی پر قبضے کے بعد غیرملکی دورے پر گئے ہیں اور وہ روس سمیت دوسرے ممالک سے مزید تعاون کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔انھوں نے گذشتہ ماہ امریکا کا دورہ کیا تھا اور صدر براک اوباما پر زوردیا تھا کہ وہ داعش کے خلاف فضائی مہم میں تیزی لائے۔

متعلقہ عنوان :