100 گھنٹے سے زائد طویل فٹبال میچ کا ورلڈ ریکارڈ،ٹیسٹ لینڈ سپورٹ پراجیکٹ کے 36 کھلاڑیوں نے جمعہ کو برطانوی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے تک کھیل کے 101 گھنٹوں کا سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا، 2013 میں اسٹریٹ فورڈ ہائی اسکول نے یہ ریکارڈ بنایا تھا

ہفتہ 6 جون 2015 08:24

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) ساوٴتھ ہیمپٹن فٹبال کلب کے ہوم سینٹ میری میں دو ٹیموں نے فٹبال کی تاریخ کا طویل ترین فٹبال میچ کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ٹیسٹ لینڈ سپورٹ پراجیکٹ کے 36 کھلاڑیوں نے جمعہ کو برطانوی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے تک کھیل کے 101 گھنٹوں کا سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا جو 2013 میں اسٹریٹ فورڈ ہائی اسکول نے بنایا تھا۔

ان کھلاڑیوں نے ریکارڈ 102 گھنٹوں تک میچ کھیل کر تاریخ کے اوراق الٹ دیے۔دونوں ٹیمیں گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں لیکن اسکواڈ میں 18 کھلاڑی شامل تھے اس طرح دونوں ٹیمیں کھانے، پینے، فزیو تھراپی اور نیند کیلئے کھلاڑیوں کو تبدیل کرتی رہتی تھیں۔ یہ میچ اتوار کو برطانوی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوا تھا جس میں ایک ہزار سے زائد گول اسکور ہوئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس میچ کے منتظم لیوک نیو مین جو خود بھی 36 کھلاڑیوں میں شامل تھے، نے کہا کہ میں گزشتہ مرتبہ پرسوں رات سویا تھا اور وہ بھی صرف ایک گھنٹے کے لیے۔’انہوں نے بتایا کہ ہم مسلسل 12 گھنٹوں تک میچ کھیلتے رہے جس کی وجہ سے کپڑے بھی تبدیل نہیں کر سکے۔’تمام ٹینٹ مکمل طور پر گیلے ہو چکے تھے، ان کے اندر موجود کپڑے اور بیگ بھی بالکل بھیگے ہوئے تھے‘۔

فیس بک پر ان کھلاڑیوں کی حالت زار کے حوالے سے پڑھ کر ان کے حامی کپڑے اور سونے کے بیگ لے کر پہنچے۔یہاں دلچسپ امر یہ کہ دونوں ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کی اجازت تھی اور اگر گراوٴنڈ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تعداد کسی بھی لمحے آٹھ سے کم ہوتی تو ان کی نیا عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش ناکام ہو جاتی۔اس میچ کے انعقاد کا مقصد ٹیسٹ لینڈ سپورٹ پراجیکٹ کے لیے رقم جمع کرنا تھا جو شہر کے محروم بچوں کے گرمیوں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے، وہ اس میچ میں 20 سے 25 ہزار یورو کی خطیر رقم جمع کرنے میں کامیاب رہے۔اس میں ایک ٹیم نے مقابلہ 603 گول کے مقابلے میں 462 گول سے اپنے نام کر لیا۔

متعلقہ عنوان :