تحقیقات غیر جانبدار ٹربیونل سے کروائی جائیں، رضا حسن کا مطالبہ،سزا سناتے وقت پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کا موقف نہیں سنا، وہ غیر جانبدار ٹربیونل میں اپنا دفاع کرنا چاہتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 6 جون 2015 08:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پابندی کا سامنا کرنے والے قومی اسپن باوٴلر رضا حسن نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سزا کا فیصلہ واپس لے کر غیر جانبدار ٹربیونل سے تحقیقات کروائی جائیں۔ پاکستان کی جانب سے واحد ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے اسپن باوٴلر رضا حسن کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹر نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ۔ سزا سناتے وقت پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کا موقف نہیں سنا۔ وہ غیر جانبدار ٹربیونل میں اپنا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ کھلاڑی کے وکیل اظہر حمید نے کہا کہ پی سی بی نے کرکٹر کو سزا سناتے وقت بورڈ کے طریقہ کار پر عملدرآمد نہیں کیا۔ معاملے کی تحقیقات غیر جانبدار ٹربیونل سے کروائی جائیں۔ واضح رہے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی نے کرکٹر پر 2 سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ لینے سے روک رکھا ہے۔