خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی 11 صنعتی بستیاں اکنا مک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی، کمپنی کو فوری ثر اور فعال بنانے کیلئے اس کا ورکنگ کیپٹل ایک ارب سے بڑھا کرچار ارب روپے کر دیا گیا

ہفتہ 6 جون 2015 08:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی 11 صنعتی بستیاں اکنا مک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ کمپنی کو فوری طور پر موثر اور فعال بنانے کیلئے اس کا ورکنگ کیپٹل ایک ارب سے بڑھا کرچار ارب روپے کر دیا گیا ہے کمپنی ان صنعتی بستیوں کو آزادانہ اور خو د مختار طریقے سے چلائے گی اور صنعتی ترقی کے اقدامات کے علاوہ روزگار کے مواقع بھی پیداکرے گی یہ فیصلے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے افتتاحی اجلاس میں کئے گئے جو جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلی پرویز خٹک کی زیر صدارت منعقد ہواصوبائی وزیر معدنیات ضیاء الله آفریدی ، خزانے،انڈسٹریز،منصوبہ بندی و ترقیات اور محنت کے صوبائی سیکرٹریوں،خیبرپختونخوا اور ہری پور چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوں، کمپنی کے چیئرمین اور بورڈ کے دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی اجلاس میں صنعتی بستیوں کی انتظامی ذمہ داریاں سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو منتقل کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس بارے میں اہم فیصلے کئے گئے اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں نجی شعبہ کو 75 فیصد اورسرکاری شعبہ کی 25 فیصد نمائندگی دی گئی ہے اور یہ کمپنی پائیدار بنیادوں پر صنعتی ترقی کے علاوہ صنعتی بستیوں میں اعلیٰ معیار کی ضروری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی بورڈ نے کمپنی کے اُمور میں معاونت کیلئے لیگل، فنانس، آڈٹ اور ایچ آر کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری بھی دی کمپنی کے مستقبل کے اہداف کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں صنعتکاری اور تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے دو لاکھ افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ،ہر انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے الگ بورڈ آف مینجمنٹ قائم کیا جائے گا ،صنعتکاروں ، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے آ ن لائن سروسز اور انفارمیشن سسٹم وضع کیا جائے گا ، ایک جدید انڈسٹریل زون اور صنعتی مشینری بنانے کیلئے ہائی ٹیک انڈسٹریل پارک قائم کیا جائے گا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ صنعت اور بورڈ کو کمپنی کے قیام کے ذریعے صوبے کے صنعتی شعبے کی ترقی کے ایک اور منصوبہ کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے نجی صنعتی شعبہ کو اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے بااختیار بنا دیا گیا ہے اُنہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ وہ خیبرپختونخوا میں صنعتکاری کے مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کے اقدامات کریں اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں اشیائے صرف کی منڈیوں تک خیبرپختونخوا کی مصنوعات اور خوردنی پیداوار کی رسائی کیلئے افغانستان اور خیبرپختونخوا کے سرمایہ کاروں اور متعلقہ سرکاری حکام پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کیا جائے جس کیلئے صوبائی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی انہوں نے صنعتوں کیلئے بجلی اور گیس کی فراہمی کے حوالے سے بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ گیس کے پیداواری علاقوں میں ایسی صنعتی بستیوں کی نشاندہی کرے جنہیں سستی بجلی کی پیداوار کیلئے گیس فراہم کی جا سکے اُنہوں نے بتایا کہ ملاکنڈ ٹواور پیہور کے پاور پراجیکٹس کی 97 میگاواٹ بجلی بھی صنعتوں کیلئے دستیاب ہے اس لئے مینجمنٹ کمپنی اس بجلی سے فائدہ اُٹھانے کیلئے ملاکنڈ اور مردان کے درمیان صنعتی بستی کے قیام کے امکانات کا جائزہ بھی لے اُنہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں آبی وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بھی غور کریں جس کیلئے صوبائی حکومت اُنہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی اُنہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کیلئے پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے ایک مربوط پروگرام شروع کیا ہے جس سے صوبے کے صنعتوں کو جدید ٹریڈز میں تربیت یافتہ افرادی قوت میسر ہو گی اُنہوں نے بیروزگاری کو صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائید ار صنعتی ترقی کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت کے وژن کا حصہ ہے اُنہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ وہ صوبے کے صنعتی شعبہ کی بحالی کیلئے ٹھو س اقدامات کرے اور چین و افغانستان کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لے اُنہوں نے یقین دلایا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور خیبرپختونخوا حکومت بیرونی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے دوروں کیلئے اُنہیں مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :