توانائی بحران پر قابو پانے سمیت حکومت تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے‘ حمزہ شہباز،قومی قیادت کی شاندار کارکردگی کی بناء پر کامیابی کا گراف دن بدن اوپر جا رہا ہے، خدمت کا سفر جاری رکھیں گے،نام نہاد تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو ملک و قوم کا مزید وقت ضائع نہیں کرنے دیں گے، کامیابی شیر کی ہی ہوگی،حمزہ شہباز کا این اے 108منڈی بہاؤالدین میں انتخابی جلسہ، جے یو آئی کے امیدوار کا دستبرداری کااعلان

ہفتہ 6 جون 2015 08:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ایم این اے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ قومی قیادت شاندار کارکردگی کی بنا پر تیزی سے عوامی مسائل حل کر رہی ہے ، ضمنی انتخابات میں مسلسل کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ حکومت کی کامیابی کا گراف دن بد ن اوپر جا رہا ہے -وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 2018ء تک 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کریں گے اور ملک کو انشاء اللہ ایشین ٹائیگربنائیں گے۔

ننکانہ صاحب اور ملتان کی طرح مسلم لیگ (ن) منڈی بہاؤالدین کے حلقہ این اے 108میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے لوگوں کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی ، عوام نام نہاد تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو ملک و قوم کا مزید وقت ضائع کرنے نہیں دیں گے- حمزہ شہبا ز نے منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوارممتاز تارڑ کے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے جہاں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے این اے108سے امیدوار ملک افتخارالحسن نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور اپنے تمام ووٹروں سمیت شیرکو ووٹ دینے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منڈی بہاؤالدین سے پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے چوہدری طارق محمود نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔اپنے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم توانائی بحران سمیت قومی ایشوز کے حل کے لئے دن رات سرگرم عمل ہیں -نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی سے لیکر تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ جیسے اب بنیادی مسائل حل کئے جا رہے ہیں ،لاہور کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کا اجراء تاریخی اقدام ہے جسے عنقریب ملتان میں بھی شروع کیا جا رہاہے جبکہ وزیر اعظم محمد نوازشریف لاہور سے راولپنڈی کے بعد اب لاہور سے کراچی موٹر وے شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے ملک بھر میں اقتصادی اور کاروباری ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا -اسی طرح توانائی کے شعبے میں بہاولپور میں سولر انرجی پارک کے بعد ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے -حمزہ شہباز نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکامی تسلیم کرنے پر عمران خان کے حواریوں کو پوری قوم سے معافی مانگی چاہیے ،ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا کہ کنٹینر سیاست کا مقصد صرف اور صرف ملک و قوم کا وقت ضائع کرنا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے جس میں عمران خان کو کبھی کامیابی حاصل نہیں ہو گی -حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے باعث مسلم لیگ (ن) شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی یکساں مقبول ہے ، منڈی بہاؤالدین کے عوام نے ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے اور انشاء اللہ اس ضمنی انتخاب میں بھی شیر کو ہی کامیاب حاصل ہو گی -اس موقع پر دیگر مقررین نے حمزہ شہباز کی منڈی بہاؤالدین آمد کو خوش آئند امر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حلقے میں جعلسازی کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں ،اب دوبارہ عوام انہیں کسی بھی روپ میں قبول نہیں کریں گے -قبل ازیں حمزہ شہباز کی آمد پر مسلم لیگی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے -پارٹی ورکرز نے شیر کے ماڈل اٹھا رکھے تھے اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے جلسہ گاہ تک پہنچے- جبکہ خواتین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی -

متعلقہ عنوان :