مسجد الحرام میں رمضان ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ‘12ہزار کارکن تعینات‘ تین شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گے

ہفتہ 6 جون 2015 08:54

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)مسجدالحرام کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران لاکھوں زائرین کی آمد کے پیش نظر رمضان ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور دونوں مقدس مساجد کے اندر اور باہر صفائی برقرار رکھنے ‘ آب زم زم کی مسلسل فراہمی اور زائرین کی سہولت کے لئے دیگر انتظامات کی خاطر 12ہزار کارکن تعینات کر دئیے ہیں جو روزانہ تین شفٹوں میں اپنے فرائض انجام دیں گے -حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمان السدیس نے بتایا ہے کہ تمام زائرین اور عبادت گزاررمضان المبارک کے دوران توسیع شدہ مطاف کی تینوں منزلیں استعمال کر سکیں گے اور طواف کے لئے گراؤنڈ فلور ‘فرسٹ فلور اور ٹیرس بھی استعمال کی جا سکے گی ۔

(جاری ہے)

رواں سال کے دوران دنیا بھر میں واقع سعودی سفارتخانوں نے ابھی تک عمرہ کے 55لاکھ ویزے جاری کئے ہیں جن میں سے ابھی تک 49لاکھ افراد عمرے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں ۔ سعودی عرب میں رمضان کا آغاز 18جون سے متوقع ہے جس کے دوران دوسرے ملکوں سے لاکھوں غیر ملکی زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے مکہ مکرمہ آئیں گے ۔سعودی وزارت حج کے ترجمان عبد اللہ مرغلانی نے بتایا ہے کہ اس سال عمرہ کے لئے دوسرے ملکوں سے سعودی عرب آنے والے افراد کی تعداد 60لاکھ سے بڑھ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :