اسرائیل میں تین سال کے بعد مصری سفیر کا تقرر،بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے نئے مصری سفیر کے تقرر کا بھرپور خیرمقدم

منگل 23 جون 2015 08:22

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء)مصر نے تین سال کے بعد اسرائیل میں اپنے نئے سفیر کا تقرر کیا ہے۔مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی نے سنہ 2012ء میں تل ابیب میں متعین مصری سفیر کو واپس بلا لیا تھا اور اس کے بعد نئے سفیر کا تقرر نہیں کیا گیا تھا۔مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی مینا کی رپورٹ کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی نے ہاضم خیرات کو اسرائیل میں نیا سفیر مقرر کیا ہے۔

وہ اس سے قبل چلّی میں مصر کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

البتہ مینا نے یہ نہیں بتایا ہے کہ وہ کب اپنی نئی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ان کے تقرر بڑے پْرجوش انداز میں خیرمقدم کیا ہے۔انھوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ''ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ حکومتِ مصر اسرائیل میں اپنے سفیر کو بھیج رہی ہے۔یہ ایک اہم خبر ہے۔ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں''۔انھوں نے فرانسیسی وزیرخارجہ لوراں فابئیس کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہا کہ ''یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کا اسرائیل میں بھرپور خیرمقدم کیا جاتا ہے اور میرے خیال میں یہ اسرائیل اور مصر کے درمیان امن کے لیے بہت اہم ہے''۔

متعلقہ عنوان :