بنگلہ دیش نے چیمپئنزٹرافی کیلئے کوالیفائی کرلیا، ٹورنامنٹ کی آٹھویں ٹیم کیلئے پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان سخت مقابلہ، آئی سی سی چیمپئنزٹرافی2017ء کے فارمیٹ کے مطابق یکم ستمبردوہزارپندرہ تک رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی، پاکستان کوسری لنکا سے 5 میچز کی سیریز کھیلنا ہے،3-2کی فتح سے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرلے گا

منگل 23 جون 2015 08:04

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء)بنگلہ دیش نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ساتویں پوزیشن مستحکم کرکے چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ٹورنامنٹ کی آٹھویں ٹیم کیلئے پاکستان اورویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہے۔ آئی سی سی چیمپئنزٹرافی2017ء کے فارمیٹ کے مطابق یکم ستمبردوہزارپندرہ تک رینکنگ میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیانمبرایک ہے۔ نیوزی لینڈ کے انگلینڈ سے سیریز ہارنے کے بعد بھارت کی نمبردو پوزیشن بحال ہوگئی۔ اور کیویز تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ جنوبی افریقا چوتھی، سری لنکا پانچویں پوزیشن پرہے۔ کیویزسے سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کی چھٹی پوزیشن ہے۔ بنگال ٹائیگرز نے پہلی بار بھارت کیخلاف سیریز میں دوصفر کی فیصلہ کن برتری سے ترانوے پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن مستحکم کرلی اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

بھارت کے مقابل کلین سوئپ سے بنگلہ دیش کے پوائنٹس چھیانوے اوربھارت کے ایک سوتیرہ ہوجائیں گے۔ جبکہ بھارت کی فتح پربنگال ٹائیگرترانوے اوردھونی الیون ایک سوچودہ پوائنٹس کے ساتھ نمبردو اورسات پر برقرار رہیں گے۔چیمپئنزٹرافی کی آٹھویں ٹیم کیلئے اب پاکستان اورویسٹ انڈیز کا مقابلہ ہے۔ ویسٹ انڈیز اٹھاسی پوائنٹس آٹھویں اورپاکستان ایک پوائنٹ کے فرق سے نویں نمبر پرہے۔ کیریبیئن ٹیم کا یکم ستمبرتک کوئی ون ڈے شیڈول نہیں ہے۔ پاکستان کوسری لنکا سے پانچ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔ جس میں تین دوکی فتح مصباح الیون کودو اور چارایک کی جیت تین ریٹنگ پوائنٹ دلائے گی۔اور پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرلے گا۔