یمن،سعودی لڑاکا طیاروں کی حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری

منگل 23 جون 2015 08:21

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء)سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے یمن میں حوثیوں کے بیس سے زیادہ ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے عدن میں حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بمباری کی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی سرحد کے ساتھ واقع صوبے حجہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بم برسائے ہیں۔

عدن میں گذشتہ چند ہفتوں سے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز اور مسلح قبائلیوں کی حوثی شیعہ باغیوں کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے۔حوثی باغیوں نے صنعا پر قبضے کے بعد عدن کی جانب یلغار کی تھی۔انھیں سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کی حمایت بھی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کے لڑاکا طیارے 26 مارچ سے حوثی باغیوں پر فضائی حملے کررہے ہیں۔

ان حملوں کا مقصد صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کی عمل داری کو بحال کرنا اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کی پیش قدمی روکنا ہے۔سعودی اتحادیوں کی فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے یمن میں دو ہزار چھے سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور تین لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔جزیرہ نما عرب میں واقع یمن پہلے ہی غْربت کا شکار تھا اور اس وقت ملک کی کل آبادی میں سے ایک کروڑ بیس لاکھ افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے جس کے پیش نظر بعض ماہرین نے وہاں انسانی المیہ رونما ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :