صوبے میں شدید گرمی سے پیدا صورتحال پر گورنر سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار،دعائے مغفرت کی گئی

منگل 23 جون 2015 08:18

کراچی ،(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء)صوبے بھر سمیت کراچی میں شدید گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر آج گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں گرمی سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں گورنر سندھ نے کے الیکٹرک حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کئی کئی روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے وہاں فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے اور گرمی کے پیش نظر بلاوجہ بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلے پر قابو پایا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔

گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں ٹینکر کے ذریعے فوری پانی فراہم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے واٹر بورڈ کے ایم ڈی کو ہدایت کی کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے پانی کی طلب میں اضافے کو بھی موئثر حکمت عملی کے ذریعے نمٹاجائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام اسپتالوں میں گیسٹرو اور ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اس ضمن میں تمام سرکاری اورنجی اسپتالوں کو خصوصی ہدایت جاری کی جائے کہ وہ گیسٹرو او ر ہیٹ اسٹروک کے امراض میں مبتلاء مریضوں کو فوری اور ترجیحی بنیاد پر علاج معالجہ فراہم کریں۔

گورنر سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی کیمپس قائم کرنے پر سندھ رینجرز کے اقدام کو سراہا ۔ اجلاس میں گورنر سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کی کہ بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں نکاسی آب سمیت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :