حکومت پاکستان ہاکی فیڈریشن کیخلاف کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھائے گی، سیکرٹری اعجاز چوہدر ی، تحقیقاتی کمیٹی کا کام فیڈریشن کو اڑنا نہیں بلکہ ہاکی کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے ، فیڈریشن کے کسی ذمہ دار سے استعفیٰ نہیں لیا جائے گا ، میر ظفر اللہ خان جمالی کو ہاکی فیڈریشن کا صدر بنائے جانے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ،کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے کوئی میچز جان کا نہیں ہارتا قومی ہاکی ٹیم کی بدقسمتی تھی کہ وہ اس بڑے ایونٹ میں برے طریقے سے ہاری، تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2015 09:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جولائی۔2015ء)وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اعجاز چوہدری نے واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان ہاکی فیڈریشن کیخلاف کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھائے گی نہ ہی فیڈریشن کے کسی ذمہ دار سے استعفی لیا جائے گا ، تحقیقاتی کمیٹی کا کام فیڈریشن کو اڑانا نہیں بلکہ ہاکی کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے جبکہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کو ہاکی فیڈریشن کا صدر بنائے جانے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ، اس امر کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی فوری طورپر کوئی فیصلہ نہیں کرنے جارہی نہ ہی وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نظام کو الٹانے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ اور کپتان محمد عمران کو بلایا تھا جو ہمیں تمام صورتحال سے آگاہ کرینگے جبکہ شہناز شیخ کا ہاکی کی دنیا میں بہت بڑا قد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے کوئی میچز جان کا نہیں ہارتا قومی ہاکی ٹیم کی بدقسمتی تھی کہ وہ اس بڑے ایونٹ میں برے طریقے سے ہاری ۔ اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کھیل ہاکی کو سپورٹ کرتا ہے اور ہمیں شہناز شیخ کی کوچنگ کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر بنائے جانے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں بچوں جیسی باتیں کرنے سے گریز کیاجائے جبکہ میں ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ ہاکی فیڈریشن کے کسی عہدیدار کو تبدیل نہیں کیاجارہا ۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق تمام معاملات چلائے جائینگے ۔ ظفر اللہ جمالی ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جنہوں نے ہاکی فیڈریشن کا صدر بننے کیلئے کسی قسم کی خواہش کا اظہار نہیں کیا انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہاکی فیڈریشن کا تختہ الٹنے کا کوئی ارادہ نہیں تحقیقاتی کمیٹی کا کی انکوائری جب مکمل ہوجائے گی تو میڈیا کو تمام فیصلوں سے آگاہ کیاجائے گا جبکہ ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران کو ہٹانے کیلئے کوئی غیر آئینی طریقہ کار استعمال نہیں کیاجائے گا ۔