لاہور ہائیکورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں گرفتار سُپر ماڈل گرل ایان علی کی درخواست ضمانت پر وفاقی حکومت اور کسٹمز انٹیلی جنس کو آئندہ ہفتہ تک جواب طلب کر لیا

جمعہ 10 جولائی 2015 09:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس انوار الحق اور مسٹر جسٹس ارشد محمود تبسم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں گرفتار معروف سُپر ماڈل گرل ایان علی کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور کسٹمز انٹیلی جنس کو آئندہ ہفتہ تک جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ کسٹمز انٹیلی جنس نے ملزمہ کیخلاف پانچ لاکھ ڈالر کرنسی سمگل کرنے کی کوشش کا مقدمہ درج کیا ہے جس میں ملزمہ چار ماہ سے زائد عرصہ سے جیل میں ہے، انہوں نے بتایا کہ کسٹمز حکام نے ملزمہ کو روالپنڈی ایئرپورٹ کے جس مقام سے گرفتار کیا وہ مسافر کی تعریف میں نہیں آتا اور نہ ہی ملزمہ نے دبئی جانے کیلئے اپنا بورڈنگ کارڈ بنوایا تھا۔

اگر کرنسی سمگلنگ سے متعلق سٹیٹ بینک کا کوئی سرکلر پاکستانی شہریوں پر لاگو ہے تو اس یہ لازم نہیں کہ ہر شہری کو ہی سٹیٹ بینک کے سرکلر کا پتہ ہو، انہوں نے کہا کہ کسٹمز ایکٹ کے مطابق جب ملزم خاتون ہو اور اس سے کوئی مزید تفتیش نہ کرنی ہو تو اس کی ضمانت منظور کی جا سکتی ہے لہذا ماڈل ایان علی کی ضمانت منظور کی جائے۔ابتدائی سماعت کے بعد دو رکنی بنچ نے وفاقی حکومت اور کسٹمز انٹیلی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا