سوڈان میں امریکی سفارت خانے سے 20 سال بعد ویزے جاری،امریکا نے سوڈان پر مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے بعد اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں

ہفتہ 11 جولائی 2015 09:15

خرطوم ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 جولائی۔2015ء )سوڈان میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے 20 سال کے وقفے کے بعد بدھ کے روز سے براہ راست ویزے جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خرطوم میں امریکی سفارت خانے کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کی جانب سے جولائی کے آغاز سے تمام شعبوں کے ویزے جاری کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے بعد سوڈانی شہری امریکی ویزہ حاصل کرنے کے لیے مصر میں امریکی سفارت خانے کے بجائے خرطوم کے سفارت خانے سے رجوع کریں کیونکہ امریکا کے لیے ہر طرح کے ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا اور سوڈان کے درمیان پچھلے دو عشروں سے تعلقات سرد مہری کا شکار چلے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا نے سوڈان پر دارفر میں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے بعد اقتصادی پابندیاں عاید کردی تھیں تاہم رواں سال کے آغاز میں امریکا نے سوڈان پر عاید پابندیوں میں نرمی کی ہے۔

پابندیوں میں نرمی کے بعد سوڈان کو اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپ اور سافٹ ویئر کی فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔پچھلے ماہ سوڈانی وزیرخارجہ ابراہیم غندور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جلد ہی میں امریکا کا اعلیٰ اختیاراتی وفد خرطوم کا دورہ کرے گا۔ وفد کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے مذاکرات شروع کرنا ہے۔