ضیاء الله آفریدی کی گرفتاری آزاد اور خود مختار احتساب کمیشن نے کی ہے،پرویز خٹک، نیب صوبائی حکومت کے ماتحت نہیں ، وزیراعلیٰ سمیت تمام صوبائی حکومت کمیشن کے سامنے جوابدہ ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

ہفتہ 11 جولائی 2015 08:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 جولائی۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا احتساب کمیشن مکمل طور پر آزاد او رخود مختار ادارہ ہے جس کی منظوری صوبائی اسمبلی نے متفقہ طور پر دی ہے صوبائی احتساب کمیشن کے سربراہ سمیت تمام عملہ انتہائی صاف وشفاف طریقے سے تعینات کیاگیا ہے ضیاء الله آفریدی کی گرفتاری آزاد اور خود مختار احتساب کمیشن نے کی ہے جو صوبائی حکومت کے ماتحت نہیں ہے بلکہ وزیراعلیٰ سمیت تمام صوبائی حکومت کمیشن کے سامنے جوابدہ ہے صوبائی احتساب کمیشن کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے چور لیٹرے اور کرپشن کرنے والے غلط اور بے بنیاد الزمات لگا کر اپنی جان نہیں چھڑا سکتے۔

احتساب کمیشن آئین اور قانون کے تحت قائم کیا گیا اور یہ اپنی بلا امتیاز کاروائی کرتارہے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے اب تک اپنے اقتدارمیں کسی کو نہ تو غیر قانونی کام کی اجازت دی ہے اور نہ دوں گا، نہ میں نے بیوروکریسی کوغیر قانونی کام کرنے کا کہا ہے اور نہ کسی وزیر کو غیرقانونی کاموں کی کھلی چھٹی دی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی احتساب کمیشن اپنی تفتیش میں آزاد ہے نہ اسے ڈیکٹیشن دی جاتی ہے اور نہ یہ ڈیکٹیشن لیتا ہے میں خود اور میری حکومت کا ہرر کن احتساب کمیشن کے سامنے جوابدہ ہے انہوں نے کہا کہ آج اگر تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں آزاد ، خود مختار اور با اختیار احتساب کمیشن قائم نہ کیا ہو تا تو صوبائی حکومت کے وزیر کے خلاف کاروائی نہ ہوتی انہوں نے کہا کہ میں خود اس صوبے سے نا انصافی، کرپشن کے خاتمے اور غریبوں کا استحصال ختم کرنے کا مشن لیکر آیا ہوں۔

جمعہ کے روز نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ صوبائی احتساب کمیشن کے خلاف وہ لوگ باتیں کررہے ہیں جن کا ماضی اور حال داغ دار ہے احتساب کمیشن اسمبلی کی متفقہ قانون سازی کے تحت قائم کیا گیا ہے اور اس میں تمام تقرریاں بھی احتساب بل میں مقررہ سخت طریقہ کار کے تحت کی گئی ہیں اُنہوں نے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن کو عمرانی کمیشن اور پرویز کمیشن کہنے والے خود اپنے گربیانوں میں جھانک کردیکھیں اگران کادامن صاف ہے تو وہ ثابت کریں صوبائی احتساب کمیشن اپنی تمام کاروائیاں آزادنہ اور خود مختار طریقے سے کر رہا ہے اُنہوں نے افسوس کا اظہا ر کر تے ہوئے کہا کہ جس فرد پر کرپشن کے سلسلے میں ہاتھ ڈالا جاتا ہے وہ احتساب کمیشن اور صوبائی حکومت کے خلاف بیان بازی شروع کر دیتا ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کمیشن کے صاف اور شفاف طریقہ کار سے چوروں اور لیٹروں سے لوٹی ہوئی رقم کی ایک ایک پائی وصول ہو سکے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا احتساب کمیشن نیب کی طرح مک مکا کا ادارہ نہیں جو کرپٹ عناصر سے کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر بارگینگ کرکے انہیں دوبارہ کھلی چھٹی دے دیتا ہے اُنہوں نے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن کا طریقہ کار بالکل مختلف اور واضح ہے جس میں کرپشن میں ملوث لوگوں سے رعایت کی کوئی گنجائش نہیں پرویز خٹک نے کہا کہ میرے خلاف لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں الزمات لگانے والے خود اپنے گریبانوں میں جھانک کردیکھیں میں نے اپنے صوبے کی بیورو کریسی ،وزراء اور مشیروں کونہ تو اپنے کسی رشتہ دار اور نہ ہی کسی ووٹر کے لیے غیر قانونی کام کی سفارش کی ہے میں نے ہمیشہ بیوروکریسی اور وزرا ء کو واضح ہدایت کی کہ وہ ہرکام صرف اور صرف قانون کے دائرے کے اندر رہ کر ہی کریں اور اس بارے میں ہماری حکومت کی پالیسیاں بالکل واضح ہیں۔

پرویز خٹک نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ بیورو کریسی اور وزراء کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی کام کرنے اور لو ٹ کھسوٹ اور کمیشن خوری کی صورت میں خود ذمہ دار ہوں گے وزیراعلیٰ نے واضح کرتے ہوئے بتایا کہ انکی حکومت نے معدنیات پر دو سال سے اس لیے پابندی لگائی تھی کہ پرانے طریقہ کار سے صوبے کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا تھا اسلئے نئی معدنی پالیسی بنائی گئی جسے بہت جلد اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا انہوں نے کہاکہ صوبے میں ہر قسم کی غیر قانونی لیزپر پابندی عائد کی ہے اور جس نے بھی اس کی خلاف ورزی کی اس کاوہ خود ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تحریک انصاف کے انقلابی منشور پر حکومت کررہی اور میرا ایجنڈا اس صوبے سے کرپشن ،کمیشن اوررشوت کلچر کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے۔ غریب عوام کی عزت نفس بحال کرنا اور غریب کا استحصال ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو میرٹ کی پالیسیوں کی پابندی کرنی ہوگی تاکہ حقدار کواس کوحق ملے اور انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہاکہ چو ر لیٹرے اور کرپشن میں ملوث افراد احتساب کمیشن کو عمرانی اور پرویزی کمیشن قراردے کر اپنی چوریاں چھپانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں لیکن صوبائی احتساب کمیشن آزاد اور خود مختار طریقے سے اپنا کام جاری رکھے گا ۔