کراچی،عید کے بعد خونریزی کا منصوبہ بے نقاب ،چار خفیہ اداروں نے مرکزی حکومت کو رپورٹ بھجوا دی

ہفتہ 11 جولائی 2015 08:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 جولائی۔2015ء) کراچی میں دہشت گردوں نے عید کے بعد چوتھے مرحلے کے آپریشن کو ناکام بنانے کا فارمولا طے کرلیا ہے اس کے تحت عالمی طاقتوں کے گماشتوں نے منظم منصوبہ تیار کیا ہے ،کراچی کے مختلف علاقوں میں 3ہزار سے زائد افراد پر مشتمل 136 میں مزاحمتی گروپ منظم کیے گئے ہیں ، عید بعد خونریزی کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے، چار حساس خفیہ اداروں نے مرکزی حکومت کو درجنوں صفحات پر مشتمل رپورٹ گزشتہ روز اسلام آباد بھجوا دی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ مرکزی حکومت کو کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے دوران مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کراچی میں غیر ملکی اشارے پر 136 علاقوں میں مزاحمتی گروہ منظم کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جدید اسلحہ سے لیس ان مزاحمتی گروپس کی مالی معاونت کا پتہ لگایا گیا ہے۔ حساس اداروں کے مطابق مزاحمتی عناصر کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔

حساس ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن کی چوتھے مرحلے میں رینجرز کو مزاحمت کا سامنا رہے گا اور کراچی میں جمع جدید اسلحہ رینجرز کے خلاف استعمال ہوگا۔ عالمی طاقتوں نے اپنے اہداف کو پانے کیلئے علاقائی دہشت گردوں کو منظم کرنے کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس حوالے سے بلوچستان میں موجود عالمی طاقتوں کے گماشتوں نے کراچی کے مزاحمتی عناصر کے بڑے کارندوں سے رابطے کرلئے ہیں جن کے تحت کراچی کو عید بعد خون میں نہلانے کی منصوبہ بندی کا حساس اداروں نے پتہ لگا لیا ہے، جلد اس پلان کے منصوبہ سازوں کو سامنے لایا جائے گا۔ مذخورہ رپورٹ کے بعدرینجرز کے خلاف متحرک گروپس کے کارندوں کی تلاش کا کام انٹیلی جنس اہلکاروں نے شروع کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :