رمضان کے آخری ہفتے اور عید الفطر کے موقع پر بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات ، آج بھی راولپنڈی اسلام آباد میں مزید بارش متوقع

ہفتہ 11 جولائی 2015 09:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 جولائی۔2015ء) محکمہ موسمیات نے رمضان کے آخری ہفتے کے دوران اور عید کے روز بھی بارش ہونے کی پیشن گوئی کر دی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے کہا ہے کہ ماہ رواں میں مزید بارشوں کے امکانات ہیں جبکہ گزشتہ دنوں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں نو ملی لیٹر سے 26 ملی لیٹر تک ابر کرم برسا۔ آج ہفتے کو بھی راولپنڈی اسلام آباد میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان‘ افغانستان اور وسطی ایشیاء میں مون سون کے آغاز ہی سے موسم میں پیچیدگیاں پیدا ہونا شروع ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گھنے بادل افغانستان سے آنے والی لہر کے ساتھ پاکستان میں داخل ہونگے اور آج تک رہیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے مطلع کیا ہے کہ اس صورت حال کو پیش نطر رکھتے ہوئے کشمیر‘ ہزارہ‘ اسلام آباد‘ لاہور اور گوجرانوالہ میں مزید بارشیں ہونے کی توقع کی ہے جبکہ وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ مالاکنڈ‘ سرگودھا‘ فیصل آباد‘ ڈی جی خان اور فاٹا کے مضافات میں جاری رہے گا۔

اسی طرح ملتان‘ ساہیوال‘ ژوب‘ پشاور‘ کوہاٹ‘ پنوں اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہونے کے امکانات ہیں۔

متعلقہ عنوان :