فرانس: خلیجی سیاحوں کے روپ میں چور گرفتار،ملزمان کے قبضے سے 80 ہزار یورو مالیت کے زیورات، قیمتی کپڑے اور غیر ملکی کرنسی برآمد

پیر 31 اگست 2015 09:12

پیر س(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء)فرانس کی پولیس نے دو ایسے چوروں کو حراست میں لیا ہے جو خلیجی ممالک کے سیاحوں کا روپ دھار کر ہوٹل کے کمروں میں نصب تجوریاں چراتے تھے۔یہ چور بڑے ہوٹلوں کے استقبالیہ پر پہنچ کر یہ ظاہر کرتے تھے وہ اس ہوٹل میں قیام پذیر ہیں لیکن اْن کے کمرے کی چابی کھو گئی ہے اور اس طرح وہ کمروں تک رسائی حاصل کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چور کمروں کے دروازوں پر سٹیتھو سکوپ کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کرتے کے کمرا خالی ہے یا نہیں،یہ دونوں افراد پیرس اور سیاحتی مقام فرنچ رویرا کے علاقے میں مہنگے ہوٹلوں میں کارروائیاں کرتے تھے۔ان دونوں افراد کی عمر 56 سال اور 31 سال ہے اور انھیں فرانس میں سینیٹ ایٹنی کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد کی شناخت اس سے قبل ہونے والی چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی کیمرہ سے لی گئی ویڈیوں اور تصاویر کی مدد کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ افراد ہوٹل کے کمروں میں نصب تجوریوں کو الماری سے نکالنے کے بعد سوٹ کیس میں ڈال کر ہوٹل سے باہر لے جاتے تھے۔فرانسیسی ریڈیو کے مطابق پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 80 ہزار یورو مالیت کے زیورات، قیمتی کپڑے اور غیر ملکی کرنسی برامد کی گئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے ہوٹل کے کمروں کی 20 چابیاں، ہتھوڑی، چھینی اور سٹیتھو سکوپ نکلی ہے۔