فیصل آباد، سکیورٹی اداروں کا آپریشن ، صاحبزادہ حامد رضا کے دفتر اور مدرسہ کے باہر سے پانچ افراد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا

پیر 31 اگست 2015 08:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء) سکیورٹی اداروں نے اچانک آپریشن کرکے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کے دفتر اور مدرسہ کے باہر سے پانچ افراد کو حراست میں لے کر انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کالعدم لشکر جھنگوی کے مرکزی رہنما ملک اسحاق کے خلاف مسلسل کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ملک اسحاق اور اس کے بیٹے اور دیگر ساتھیوں کے قتل کے بعد سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں جس کی وجہ سے سکیورٹی اداروں نے صاحبزادہ حامد رضا کے مدرسے اور دفتر کی سکیورٹی کو سخت کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز حساس اداروں نے ایک شخص کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی جس کی نشاندہی پر اداروں نے آج مزید چار افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ان کو سکیورٹی کے شدید خطرات کے باوجود پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ انہیں خاطر خواہ سکیورٹی فراہم نہیں کررہی انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان جہاد کے نام پر ملک میں فساد برپا کررہی ہے اور یہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیا کہ کالعدم مذہبی تنظیموں اور ان کے ماتحت چلنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :